کورونا کے کیسوں میں اضافہ‘لاہور کے 4بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ہنگامی حالت کا اعلان

ایکسپو فیلڈ ہسپتال کو دوبارہ فعال کرنے کی ہدایت‘ہسپتالوں کو ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس اور آئی سی یو فعال رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں.محکمہ صحت پنجاب کا مراسلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 5 دسمبر 2020 14:30

کورونا کے کیسوں میں اضافہ‘لاہور کے 4بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ہنگامی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 دسمبر ۔2020ء) محکمہ صحت پنجاب نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب لاہور کے بڑے ہسپتالوں کو ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے. محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ایکسپو فیلڈ ہسپتال کو دوبارہ فعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے نوٹیفکیشن میں تحریر کیا گیا ہے کہ ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 2 کو کورونا مریضوں کے لیے فوری فعال کردیا جائے، آکسیجن کی کمی کا سامنے کرنے والے مریض فیلڈ ہسپتال میں داخل ہوں گے.

(جاری ہے)

لاہور کے 4 بڑے ہسپتالوں کو ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس اور آئی سی یو فعال رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں مراسلہ کے مطابق میو ہسپتال، سروسزہسپتال، جناح ہسپتال اور لاہور جنرل ہسپتال کو کورونا کیسز کے لیے تیا رہنے کی ہدایت کی گئی ہے. خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے پاکستان میں مزید55 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی کل تعداد8 ہزار 260 ہوگئی ہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا کے مزید3 ہزار 262 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4لاکھ10ہزار72 تک پہنچ چکی ہے.

پاکستان میں کورونا کے3لاکھ 50 ہزار305 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں اور51ہزار507 زیر علاج ہیں کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار115 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں سندھ میں 2 ہزار983، خیبر پختونخوا ایک ہزار 389، اسلام آباد 332، گلگت بلتستان 98، بلوچستان 169 اور آزاد کشمیر میں 174 افراد ہلاک ہو چکے ہیں. اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد31 ہزار639، خیبرپختونخوا 48 ہزار264، سندھ میں ایک لاکھ 79 ہزار240، پنجاب ایک لاکھ 21 ہزار753، بلوچستان 17 ہزار333، آزاد کشمیر 7 ہزار151 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 692 افراد کورونا سے متاثر ہیں.