تحریک انصاف کی تبدیلی کھوکھلی، عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ‘محمد جاوید

ملک میں محب وطن قیادت کا فقدان ، جماعت اسلامی اس خلا کو پُر کرسکتی ہے ‘امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

منگل 5 جنوری 2021 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2021ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے قاضی حسین احمد کی شخصیت ہمیشہ دلوں میں زندہ رہے گی۔ انہو ں نے اتحاد امت کے لیے جو کوششیں کیں وہ روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ ملک میں تمام مکتبہ فکر کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر فرقہ واریت کاخاتمہ ان کی بہت بڑ ی کامیابی اور وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وہ حقیقی معنوںمیں امت مسلمہ کے داعی اور قائدانہ صلاحیتوں کے مالک تھے۔ ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد کی ساتویں برسی پر میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو مدبرانہ قیادت کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

جو ملک و قوم کو مسائل کے گرداب سے نکال سکے۔ بد قسمتی سے ملک پر ایسے حکمران مسلط ہوچکے ہیں جن کو عوامی مسائل کی سمجھ بوجھ نہیں ہے۔

محب وطن قیادت کا فقدان بنیادی مسئلہ ہے اور اس خلا کو صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی پُر کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کارکردگی کا شیرازہ بکھر چکا ہے، ادارے تباہ حال ہیں۔ مہنگائی، بیروزگاری ، لاقانونیت ، دہشت گردی اور کرپشن نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ صرف ڈھائی سال بعد ہی عوام تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے لیے بد دعائیں مانگ رہے ہیں۔ نام نہاد تبدیلی کا خمیازہ عوام نے بھگتا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اس وقت دشمن پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ انتشار اور فراتفری پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد ویکجہتی کو مظاہرہ کرنا ہوگا۔