بلوچستان میں دہشتگردی سے زائد لوگ ٹریفک حادثات میں مرتے ہیں،میر عاصم کردگیلو

ٹرانسپورٹرز کی جانب سے جدید سفری سہولیات عوام کو مہیا کرنا احسن اقدام ہے،رہنما بلوچستان عوامی پارٹی

منگل 5 جنوری 2021 22:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2021ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء سابق صوبائی وزیر میر عاصم کردگیلو اور ڈی آئی جی موٹر وے پولیس علی شیر جکھرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی سے زیادہ لوگ ٹریفک حادثات میں مرتے ہیں، ٹرانسپورٹرز کی جانب سے جدید سفری سہولیات عوام کو مہیا کرنا احسن اقدام ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے حکومت اور موٹر وے پولیس ٹرانسپورٹرز کو سہولت فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے ،یہ بات انہوں نے ممتاز ٹرانسپورٹر حاجی عبدالقادر رئیسانی کی جانب سے کوئٹہ کراچی روٹ پر جدید بسوں کو متعارف کروانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع جنر ل سیکرٹری ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن اکبر لہڑی سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی ، میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ بلوچستان میں وقت کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتر ی اور جدت آنے سے مسافروں کو سہولیات مہیا ہوئی ہیں، پہلے کوئٹہ سے کراچی یا گوادر تک کا سفر دنوں میں طے کیا جاتا تھا آج یہ صرف چند گھنٹوں پر محیط ہے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو دو رویہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے عوامی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کرنا خوش آئند ہے حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے مابین پل کا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہوں ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی موٹر وے پولیس علی شیر جکھرانی نے کہا کہ موٹر وے پولیس ہمہ وقت ٹرانسپورٹرز کے مسائل سننے اور انہیں حل کرنے کے لئے تیار ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کی نسبت شاہراہوں پر ہونے والے حادثا ت میں لوگوں کی اموات زیادہ ہوئی ہیں صوبے کی شاہراہوں کو دو رویہ کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اپنی ہر گاڑی میں دو ڈرائیور تعینات کریں تاکہ مسافروں کی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکے جبکہ اوور اسپیڈنگ سے بھی احتیاط کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس بس ڈرائیورز کو مفت تربیت فراہم کرنے کے لئے تیار ہے ہمارے ماہرین ڈرائیورز کو تربیت دیکر حادثات رونماہونے سے بچانے میں کردار ادا کر سکتے ہیں