سچل پولیس کی کارروائی ، خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرنے والا شخص گرفتار

ملزم نے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہریوں سے دھوکہ دہی سے بھاری رقوم وصول کیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 9 جنوری 2021 11:41

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2021ء) : سچل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو حساس ادارے کا ملزم ظاہر کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے خفیہ ادارے کے جعلی افسر کے خلاف کارروائی کی۔ سچل پولیس کی جانب سے یہ کارروائی ڈسٹرکٹ ایسٹ سچل پولیس کی خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی۔ پولیس نے خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرنے والا ملزم دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف کافی عرصے سے شکایات موصول ہورہی تھیں، ملزمان نے شہریوں سے دھوک۰ دہی سے بھاری رقوم وصول کیں۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں جعلی کارڈ اور مہریں برآمد کیں اور گٹکا بنانے کا نیا کام بھی شروع کیا تھا، پولیس نے ملزمان نے گٹکا بھی برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ملک بھر میں کئی ایسے جعلساز موجود ہیں جو خود کو نیب یا کسی اور ادارے کا افسر ظاہر کر کے لوگوں کو نہ صرف بے وقوف بناتے ہیں بلکہ اُن سے بھاری رقوم بھی بٹورتے ہیں۔

ماضی میں بھی جعلسازوں کی جانب سے شہریوں کو لوٹنے کے لئی واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں جنہیں شہریوں کی شکایات پر گرفتار بھی کیا گیا ۔ کچھ جعلسازوں نے تو نیب کے نام پر شہریوں کو نہ صرف بلیک میل کیا بلکہ ان سے پیسے بھی بٹورے تھے۔ گذشتہ برس بھی ایک ایسا ہی واقعہ رپورٹ ہوا جہاں لاڑکانہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرنے والے ایک ملزم سجاد مستوئی کو گرفتار کیا تھا۔ ملزم کے خلاف درخواست دینے والے شہری عبدالحق بروہی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں بھی پیش کیا جہاں ملزم کا ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا۔ 

متعلقہ عنوان :