پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر میں کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کے بغیر انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ

ْچیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے صدر تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کو ہدایات دے دیں

جمعہ 15 جنوری 2021 17:01

پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر میں کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کے بغیر انتخابی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے اہم ملاقات کی جس میں آزاد کشمیر میں کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کے بغیر انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے صدر تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کو ہدایات دے دیں ۔

چیف آر گنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہاکہ تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر میں پوری طرح متحرک اور مقبول ہوچکی ہے، کسی بھی سیاسی جماعت سے انتخابی اتحاد کے بغیر انتخابی میدان میں اتریں گے۔ سیف اللہ نیازی نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر کے طول و عرض سے سیاسی شخصیات بڑے پیمانے پر تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے رابطے کررہی ہیں، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں کرپشن کے حوالے سے جماعتی حکمت عملی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،دیگر سیاسی جماعتوں سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں کی ہڑتال کا طریقہ کار طے کیا جاچکا ہے، بہترین ساکھ، کردار اور قابلیت کے حامل سیاسی شخصیات کی پارٹی میں شمولیت کیلئے اعلیٰ سطحی سٹیرنگ کمیٹی کام کررہی ہے، بہترین صلاحیتوں اور اجلے کردار کی حامل سیاسی شخصیات کا جماعت میں خیر مقدم کریں گے۔

(جاری ہے)

سیف اللہ خان نیازی نے کہاکہ امیدواروں کے انتخاب کے طریقہ کار کا جلد اعلان کیا جائے گا، وزیراعظم کے ویژن کی روشنی میں جامع انتخابی حکمت عملی کیساتھ میدان میں اتریں گے، ریاستی اسمبلی کے آئندہ انتخابات میں واحد اکثریتی جماعت بن کرابھریں گے اور مضبوط حکومت قائم کریں گے۔