اپوزیشن کے پاس کرنے کیلئے کوئی کام نہیں اس لئے ایکدوسرے سے چھپن چھپائی کھیل رہے ہیں‘ ہمایوں اختر خان

پی ڈی ایم حکومت نہیںاپنے لئے خطرہ بن چکی ہے،اپنی سیاست پر ہی خود کش حملے کئے جارہے ہیں‘ سینئر مرکزی رہنما

منگل 26 جنوری 2021 12:56

اپوزیشن کے پاس کرنے کیلئے کوئی کام نہیں اس لئے ایکدوسرے سے چھپن چھپائی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں البتہ پی ڈی ایم اپنے لئے خطرہ بن چکی ہے اور اوراپنی سیاست پر ہی خود کش حملے کئے جارہے ہیں،بلاول بھٹو پی ڈی ایم کی پکڑ میں نہیں آرہے بلکہ سیاست کھیل رہے ہیں ، لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر ے گی ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی تجربہ کار حکومت نے جس طرح گروتھ دکھائی اس سے ساری دنیا آگاہ ہے ، روپے کو مصنوعی طریقے سے اوور ویلیو رکھا گیا جس کاخمیازہ پوری قوم نے بھگتا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے کیلئے غیر معمولی فیصلے کئے اور ہم نے اپنے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے کڑوی گولیاں نگلی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کورونا وباء سے دنیا کی بڑی بڑی معیشتیں تباہ ہوئی ہیں، ہمارے ہمسایہ ملک بھارت کی معیشت 24فیصد نیچے گئی ہے جبکہ ہماری معیشت .4فیصد متاثر ہوئی ، ہم نے محدود وسائل کے باوجود لوگوں کی جانوں اور معیشت کو بھی بچایا ہے لیکن اپوزیشن نے آنکھوں پر بغض کی پٹی باند ھ رکھی ہے اس لئے انہیں کچھ دکھائی نہیں دیتا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں اسمبلیوں سے استعفوں، ضمنی اور سینیٹ انتخابات او رلانگ مارچ کے بعد تحریک عدم اعتماد پر بھی اتفاق رائے نہیں ہے، اپوزیشن کے پاس اصل میں کرنے کے لئے کوئی کام نہیں اس لئے یہ ایک دوسرے کے ساتھ ہی چھپن چھپائی کھیل رہے ہیں۔