سال2020میں مجموعی طور پر 25214پولیس ملازمین میں 92کروڑ 96لاکھ روپے کی رقم مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کی گئی

پولیس ملازمین بالخصوص شہدائے پولیس کی فیملیز کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیحات میں شامل ہے ‘ آئی جی انعام غنی

بدھ 27 جنوری 2021 19:04

سال2020میں مجموعی طور پر 25214پولیس ملازمین میں 92کروڑ 96لاکھ روپے کی رقم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ جونیئر رینک پولیس ملازمین کی بہترین ویلفیئر اور استعداد کار میں اضافہ محکمے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ سپاہ پوری توجہ اور یکسوئی کے ساتھ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور انہیں خدمات کی فراہمی کے فرائض سر انجام دے سکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کانسٹیبلری ہی محکمہ پولیس کا اصل چہرہ ہے جو صوبہ بھر میں دفاتر، تھانوں ، شاہرات یا دیگر پوائنٹس پر فرائض سر انجام دیتے ہوئے اپنے قول و فعل اور طرزعمل سے محکمہ پولیس کی نمائندگی کرتے ہیں لہذا انہیں درپیش مالی اور ذاتی مسائل فوری حل کرکے انکی کارکردگی کو مزید نکھارا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ محکمہ پولیس کی عزت اور وقار ان عظیم اور بہادر شہداء کی بدولت ہے جنہوں نے فرض کی ادائیگی اور عوام کے تحفظ کی خاطر اللہ کے حضور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے محکمے کی عزت و وقار کو چاند لگا دئیے ان بہادر سپوتوں کی فیملیز کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے اور ان کے اہل خانہ کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ویلفیئر برانچ کی سال 2020کی مجموعی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ دورا ن اجلاس آئی جی پنجاب کو سال 2020 میں پولیس ملازمین کی ویلفیئر کے متعلق ہونے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس اظہر حمید کھوکھر نے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ سال2020میں پولیس ویلفیئر برانچ نے 25214ملازمین میں مجموعی طور پر 92کروڑ 96لاکھ روپے کی رقم مختلف امور کی مد تقسیم کی گئی ۔

انہوں نے بتایا کہ 4135پولیس افسران و ملازمین کوبیٹیوں کی شادی پر جہیز فنڈ کی مد میں 17کروڑ76لاکھ روپے دئیے گئے اسی طرح5204افسران و ملازمین کے بچوں میں تعلیمی وظائف کی مد میں 14کروڑ47لاکھ کی رقم تقسیم کی گئی ۔479افسران و ملازمین کو طبی امداد کی مد میں 5کروڑ78لاکھ کی رقم دی گئی جبکہ 1795افسران وملازمین کو کورونا کا شکار ہونے پر4کروڑ48لاکھ کی رقم دی گئی ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ 461شہید افسران و اہلکاروں کے بچوں کو تعلیمی وظائف کی مد میں 5کروڑ32لاکھ کی رقم دی گئی جبکہ764انتقال کرجانے والے افسران و ملازمین کو کفن دفن کی مد میں 3کروڑ 82لاکھ کی رقم تقسیم کی گئی ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ 3044ریٹائرڈ افسران و اہلکاروں کو آخری تنخواہ کے ساتھ ایک اضافی تنخواہ کے طور پر9کروڑ 80لاکھ روپے دئیے گئے جبکہ دوران سروس انتقال کرنے والی8748ملازمین کی بیوائوں کو گزارہ الائونس کی مد میں 30کروڑ98لاکھ روپے کی رقم دی گئی۔

آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ پولیس ملازمین کو ان کے مسائل کے حل کے لئے دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے نجات مزید ترجیحی بنایا جائے اور خاص طور پر دوسرے اضلاع میں پولیس ملازمین کو درپیش مسائل کے جلد از جلد حل کو یقینی بنانے کے لئے جدید انٹی گریٹڈ سسٹم کے تحت معاملات کو حل کیا جائے تاکہ پولیس ملازمین کو دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے سے نجات ملے اور وہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقہ سے سر انجام دے سکیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس ملازمین کے جی پی فنڈ،مالی معاونت سے متعلق دیگرکیسز ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اور ان کیسز میں غیر ضروری رکاوٹ پیدا کرنے والے عناصر کے خلا ف کاروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے ۔