تھرپارکر، حلقہ این ای-221 میں ضمنی انتخاب کے دوران پولنگ اسٹیشن میں آگ لگ گئی

اتوار 21 فروری 2021 20:40

تھرپارکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2021ء) سندھ کے ضلع تھرپارکر میں قومی اسمبلی کے حلقہ این ای-221 میں ضمنی انتخاب کے دوران آگ لگنے سے ووٹرز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ایس ایس پی تھرپارکر کے حسن سردار نیازی کے مطابق حادثاتی طور پرآگ لگنے کا واقعہ چھاچھرو ٹائون کے نزدیک گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن نمبر 126 میں پیش آیا جس سے کچھ بیلٹ پیپرز اور دیگر مواد متاثر ہوا۔

تاہم پولیس عہدیدار نے آتش زنی کے باعث 3 افراد کو گرفتار کرنے کی میڈیا رپورٹس کی تردید کی۔دوسری جانب ڈسٹرک ریٹرننگ آفیسر(ڈی آر او)میاں محمد شاہد نے کہا کہ متاثرہ بیلٹ پیپرز کو فوری طور پر تبدیل کردیا گیا اور جتنی جلد ممکن ہوا پولنگ کا عمل بحال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی آر او نے بتایاکہ کچھ علاقوں میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کے درمیان تصادم کی اطلاعات کے باوجود پورے حلقے میں پولنگ کا عمل معمول کے مطابق جاری رہادوسری جانب جی ڈی اے کے رکن سندھ اسمبلی عبدالرزاق راہموں اور پاکستان تحریک انصاف جے پرکاش لوہانہ نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے سال 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کر کے شاہ محمود قریشی کو شکست دی اور اس مرتبہ بھی یہی کررہی ہے۔

جے پرکاش لوہانہ نے کہا کہ ہمارے پولنگ اسٹیشن کیسرار پر ہمارے ایجنٹ کو پولنگ اسٹیشن جلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے منتخب نمائندے پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرکے ہمارے ووٹرز کو ہراساں کررہے ہیں، پولنگ اسٹیشن کیسرار کو پیپلزپارٹی نے خود جلایا اور اب الزام ہم پر لگایا جارہا ہے۔ایم پی اے عبدالرزاق راہموں نے الزام عائد کیا کہ پولیس پروٹوکول دے کر ماحول خراب کر رہی ہے، پیپلزپارٹی والوں کو معلوم ہے کہ وہ الیکشن ہار رہے ہیں اس لیے ماحول خراب کیا جارہا ہے۔

ادھر پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مخالف گروہ نے پولنگ اسٹیشنز کو خود جلایا۔پیپلزپارٹی نے کہاکہ جیسے جو پر گائوں میں خواتین ووٹرز کو ہراساں اور ان پر حملہ کیا گیا اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لیں اور حلقے میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات یقینی بنائیں۔ادھر پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سریندر ولاسائی نے کہا کہ این اے 221 ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی داداگیری پر اتر آئی ہے، پی ٹی آئی کے ایم این اے اور ایم پی اے اقلیتی ووٹرز کو ہراساں کر رہے ہیں۔سریندر ولاسائی نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کے ایم این اے اور ایم پی ایز کو فوری حلقہ بدر کیا جائے، پی ٹی آئی ملیر کی طرح تھر میں بھی بدمعاشی کررہی ہے۔