سرفراز احمد مجھے دوسرے کھلاڑیوں جتنا عزیز ہے: محمد حفیظ

گالف کھیلنے کی وجہ سے اپنا کھیل بہتر بنانے میں کافی مدد ملی، اپنے کھیل پر توجہ کرتے ہوئے پاور ہٹنگ پر کام کیا: آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 23 فروری 2021 14:17

سرفراز احمد مجھے دوسرے کھلاڑیوں جتنا عزیز ہے: محمد حفیظ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 فروری 2021ء ) لاہور قلندرز کے آل رائونڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ میرے لئے سرفراز احمد دوسرے کھلاڑیوں کی طرح ہی عزیز ہیں۔ ایک نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے 40 سالہ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ان کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے، وہ تمام جونیئر پلیئرز کی پرفارمنس سے خوش ہوتے ہیں ، شاہین آفریدی اور محمد رضوان قومی ٹیم میں اچھا اضافہ ہیں۔

گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف اپنی شاندار کارکردگی پر بات کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ لاہور قلندرز کی ٹیم کی ڈیمانڈ کے مطابق اپنا رول ادا کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے گزشتہ رات ایک اچھی اننگز کھیلی جس پر خوشی ہے۔ محمد حفیظ نے بتایا کہ انہوں نے لاہور کے کوچ عاقب جاوید کو کہا کہ مجھے ون ڈاؤن پر جانے دیں کیونکہ صورتحال ایسی تھی کہ اس سے پیشہ ورانہ طور پر نمٹنا تھا ،باہر کی دوسری لیگز میں بیٹسمین صرف چھکے مارنے پر فوکس کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ گالف کھیلنے کی وجہ سے بھی مجھے اپنا کھیل بہتر بنانے میں کافی مدد ملی، میں نے اپنے کھیل پر توجہ کرتے ہوئے پاور ہٹنگ پر کام کیا۔ خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل اپنی ایک ٹویٹ میں محمد حفیظ نے جنوبی افریقا کے خلاف نوجوان وکٹ کیپر محمد رضوان کی کارکردگی کی تعریف کی تھی جس کے جواب میں سرفراز احمد نے بھی ٹویٹ کر دیا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ محمد حفیظ میرے سینئر ہیں، میں نے ہمیشہ ان کی عزت کی اور کرتا رہوں گا۔ محمد رضوان اور میرے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہے۔