بلوچستان محبتوں کی سر زمین ہے ،محبت اور امن کا پیغام پوری دنیا کو ملے گا ،پیرنورالحق قادری

کوئٹہ میں بین المذاہب کانفرنس کے انعقاد کا مقصد نسل، مذہب سمیت دیگر چیزوں سے بالاتر ہوکر سوچنا ہے ،وفاقی وزیر مذہبی امور و بین مذاہب ہم آہنگی

جمعرات 25 فروری 2021 17:33

بلوچستان محبتوں کی سر زمین ہے ،محبت اور امن کا پیغام پوری دنیا کو ملے ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2021ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین مذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے کہاہے کہ بلوچستان محبتوں کی سر زمین ہے یہاں سے محبت اور امن کا پیغام پوری دنیا کو ملے گا۔ کوئٹہ میں بین المذاہب کانفرنس کے انعقاد کا مقصد نسل، مذہب سمیت دیگر چیزوں سے بالاتر ہوکر سوچنا ہے اقلیتوں کے تحفظ کا بل پارلیمنٹ کی مشترکہ قائمہ کمیٹی کے سپرد ہے چاروں صوبوں سے مشاورت لی جائے گی۔

یہ بات انھوں نے ایک روزہ بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس بعنوان باہمی مذہبی احترام سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انھوں نے کہا کہ غیر مسلموں کے تمام حقوق کی ذمہ دار ریاست ہے اقلیتوں کو وہ تمام حقوق حاصل ہیں جو ہمیں حاصل ہیں مسلمان معاشروں میں غیر مسلم آزادی اور عزت و احترام سے رہ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جنگ عظیم کے بعد یہودیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا۔

اسلامی دنیا کی ایک تاریخ رہی ہے بھارت میں مسلمانوں اور مسیحی افراد کے ساتھ امتیاز ی سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ ملک میں بسنے والے تمام مکاتب فکر کے افراد کو تمام مسائل کا یکجا ہوکر مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقلیتوں کیلئے پالیسی محبت، امن اور احترام کی ہے اگلے چند سالوں میں بیلجیم میں مسلمانوں کی اکثریت ہوگی ۔مسلمانوں کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اسلام سلامتی اور امن کا داعی ہے ۔

اس موقع پر منظور ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایک دوسرے کے عبادت گاہوں کا احترام کیا جائے ۔مذہبی تنازعات کو سنجیدگی سے حل کیا جائے۔ تمام مذہبی اکابرین دیگر مذہب کی دینی معلومات حاصل کرے مدارس کے نصاب میں بین المذاہب آہنگی ترتیب دی جائے اقلیت کے بجائے مناسب لفظ کا انتخاب کیا جائے ۔میڈیا میں نفرت انگیز مواد سے گریز کیاجائے ،عدم تشدد اور احترام انسانیت کی تعلیمات عام کی جائے۔

میثاق مدینہ اور قائد اعظم محمد علی جناح کی 11 اگست کی تقریر کے روشن اصولوں کو نافذ کیا جائے ۔وفاق کی طرز پر اقلیتوں کے مذہبی تہواروں کو سرکاری طور پر منایا جائے۔ پیغام پاکستان کا بیانیہ ہر گھر تک پہنچانے کی کوشش کی جائے اقوام متحدہ میں احترام مذاہب کی قراردار پاکستان کی عظم فتح ہے ۔تقریب سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد اور مختلف مذ اہب کے نمائندوں نے خطاب کرتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا عہد کیا۔