پنجاب میں انٹری سے قبل بلاول بھٹو کے جیل جانے کی پیشگوئی

بلاول بھٹو یہ کس قسم کا لڑکا ہے، سندھ کو انہوں نے ڈبو دیاہے تو پنجاب میں کیا کرنا ہے، بلاول بھٹو کو پہلے جیل جانا ہے۔ تجزیہ کار ظفر ہلالی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 8 مارچ 2021 11:55

پنجاب میں انٹری سے قبل بلاول بھٹو کے جیل جانے کی پیشگوئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 08 مارچ 2021ء) سینئر تجزیہ کار ظفر ہلالی نے چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے جیل جانے کی پیشگوئی کر دی۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو پنجاب میں کوئی کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو پہلے اُنہیں سندھ میں ترقی کر کے دکھانا ہو گی۔جب بلاول بھٹو سندھ میں کچھ کر کے دکھائیں گے تو پھر پنجاب کے لوگ بھی دیکھیں گے،آپ نے سندھ کو تو دبا دیا ہے،سندھ پنجاب سے تیس چالیس سال پیچھے ہے۔

کیا لوگوں کو معلوم نہیں ہے کہ سندھ میں کیا حالات ہیں،سندھ کے بارے میں تو یہ خبر آتی ہے کہ وہاں سالوں سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور سندھ سالوں قبل جیسا ہو گیا ہے۔کیا یہ لوگ پنجاب میں آکر کہیں گے کہ ہم پنجاب میں ترقی کریں گے،یہ کس قسم کا لڑکا ہے اور کس قسم کے دعوے کرتا ہے،ان لوگوں کو سیاست کا کیا پتہ ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے ایک دن کام نہیں کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کو بھی پہلے جیل جانا ہے۔
۔خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری پنجاب میں خاصے متحرک ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی اور سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین، حسین الٰہی اور پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ، سید حسن مرتضیٰ اور جمیل سومرو بھی شریک تھے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ہمارے گھر آئے ان کی عزت کرتے ہیں، حکومتی اتحادی ہونے کے ناطے انہیں پہلے ہی یقین دہانی کروا چکے ہیں، یہ ہمارا شیوہ نہیں کہ کسی سے ایسا وعدہ کریں جو ہمارے اصولوں کے خلاف ہو۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت کے اتحادی ہیں سینیٹ میں بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملاقات میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اور عام آدمی کے مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔