رضا ربانی نے تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو آئینی میکنزم کو فالو کرنے کا مشورہ دیدیا

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر سنبھالنے کا وفاقی حکومت کا نوٹیفکیشن غیرقانونی ہے

جمعرات 25 مارچ 2021 00:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2021ء) سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو آئینی میکنزم کو فالو کرنے کا مشورہ دیدیا۔ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) سنبھالنے کا وفاقی حکومت کا نوٹیفکیشن غیرقانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) کا نوٹیفکیشن سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔پی پی رہنما نے کہا کہ جے پی ایم سی سے متعلق نوٹیفکیشن فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشن آرڈیننس کی شق 4 کے تحت جاری کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ جے پی ایم سی اور میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز کی لسٹ میں شامل نہیں، نوٹیفکیشن میں بنایا گیا بورڈ آف گورنرز غیرقانونی ہے۔

(جاری ہے)

رضا ربانی نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ 4 جولائی 2016ء میں جے پی ایم سی کی منتقلی خلافِ آئین قرار دے چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے اس حوالے سے حوالگی کا طریقہ کار بھی فراہم کیا ہے، سپریم کورٹ نے 17 جنوری 2019ء کو مختصر حکم میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔پی پی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مختصر حکم میں اداروں کی منتقلی کا میکنزم دیا، وفاقی حکومت نے منتقلی کے لیے دیے گئے طریقہ کار کے تحت کوئی اقدام نہیں کیا۔انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت نے ایک آرڈیننس کے تحت بورڈ آف گورنرز بنایا، آرڈیننس عارضی قانون سازی ہے، جس کا اطلاق اداروں پر نہیں ہوتا۔رضا ربانی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو مشورہ ہوگا کہ آئینی میکنزم کے تحت صوبائی حکومت کو ان اداروں کو چلانے دے۔