پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح کیلئے کام کیا ہے : شرجیل انعام میمن

کراچی کی طرح حیدرآباد کے صحافیوں کیلئے بھی انڈوومینٹ فنڈ شروع کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گی:سابق صوبائی وزیر

ہفتہ 3 اپریل 2021 22:03

پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح کیلئے کام کیا ہے : شرجیل ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2021ء) سابق صوبائی وزیر ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کی طرح حیدرآباد کے صحافیوں کیلئے بھی انڈوومینٹ فنڈ شروع کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور پی پی پی نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح کیلئے کام کیا ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج حیدرآباد پریس کلب میں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹ ، پریس کلب کے عہدیداراں سمیت صحافیوں میں تقریب تقسیم صحت کارڈ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اظہار کی آزادی اور آزاد صحافت پر یقین رکھتی ہے اور اس نے ہمیشہ تنقید برائے اصلاح کو قبول کرتے ہوئے عوام کی خدمت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پریس کلب ، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹ اور تمام صحافی تنظیموں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اراکین کی سہولیات کے حصول کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے صحافیوں کو صحت کارڈجاری کرنا کسی پر احسان نہیں بلکہ یہ حکومت سندھ کا فرض ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت آمرانہ حکومت سے بھی خراب ہے پر آپ یقین رکھیں کہ ظلم کے دن تھوڑے ہوتے ہیں اور بہت جلد ظلم کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کے دور میں تمام ادارے زوال پذیر ہیں اور اس کا اثر میڈیا پر بھی پڑا ہے جبکہ ہماری کوشش رہے گی کہ ہم میڈیا صنعت کی بحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

اس موقع پر صحافی تنظیموں کے سربراہاں جی ایم جمالی ، عاجز جمالی ، عبداللہ شیخ ، جنید خانزادہ اور دیگر نے بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی حکومت کی صحافی دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی فلاح کیلئے جتنے کام پی پی پی نے کیے ہیں اتنے کسی اور حکومت نے نہیں کیے ہیں ۔ تقریب کے دوران شرجیل انعام میمن کی جانب سے مختلف صحافیوں میں صحت کارڈز تقسیم کیے گئے جبکہ حیدرآباد کے سینیئر صحافی محمد حسین خان ، حامد میاں شیخ ، حمیدالرحمان، علی نعیم ، حمزہ زیدی اور دیگر صحافیوں کو اجرک کے تحائف پیش کیے گئے۔