جنوبی ایشیا کا امن تنازعہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل سے وابستہ ہی: سالویشن موومنٹ

بدھ 7 اپریل 2021 22:49

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2021ء) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میںجموںو کشمیر سالویشن موومنٹ کی خواتین ونگ نے کہا ہے کہ بھارت کو کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو طاقت کے ذریعے دبانے کے بجائے تنازعہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے راہیں تلاش کرنی چاہیے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سالویشن موومنٹ کی خواتین ونگ کی سیکریٹری عالمہ مریم جمیلہ نے سرینگر میںایک پارٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ اور بھارتی حکومت زمینی حقائق کو مسلسل نظرانداز کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کے غیر قانونی ، غیر آئینی اور یکطرفہ اقدامات کو مسترد ہوئے کہاکہ یہ نہ صرف ناقابل قبول ہیں بلکہ کشمیری عوام ان کا متحد ہوکر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی ثابت قدمی اوربہادری کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہم پر گولیاں اور پیلٹ برسائے جارہے ہیں جبکہ ہمارے لوگوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر جیلوں میں نظربند کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کا پرامن حل ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جنگ کسی مسئلے کاحل نہیں اورجنوبی ایشیا کا امن تنازعہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل سے وابستہ ہے۔