اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے صدر شہیر سیالوی نے بہت جلد سیاست میں آنے کا عندیہ دیدیا

ستر سالوں سے عوام کو انکے حقوق سے دور رکھا گیا ہے، ملک پر بیرونی دبائو نے ہمیں اقوام عالم میں شرمسار کیا ہے، میڈیا سے گفتگو

اتوار 25 اپریل 2021 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2021ء) اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے صدر شہیر سیالوی نے بہت جلد سیاست میں آنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ستر سالوں سے عوام کو انکے حقوق سے دور رکھا گیا ہے، ملک پر بیرونی دبائو نے ہمیں اقوام عالم میں شرمسار کیا ہے، اس وقت پوری دنیا کے مسلمانوں کی نظریں پاکستان پر ہیں، وقت آ چکا ہے کہ پاکستان اپنے فیصلے خود کرے اور حقیقی معنوں میں خود مختار ریاست بن کر ابھرے۔

(جاری ہے)

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے صدر شہیر سیالوی کا کہنا تھا کہ گذشتہ ستر سالوں سے پاکستانی عوام کو انکے حقوق سے دور رکھا گیا ہے، ملک پر بیرونی دبائو نے ہمیں اقوام عالم میں شرمسار کیا ہے، اس وقت پوری دنیا کے مسلمانوں کی نظریں پاکستان پر ہیں جو پاکستان کو اپنی آخری امید سمجھتے ہیں، وقت آ چکا ہے کہ پاکستان اپنے فیصلے خود کرے اور حقیقی معنوں میں خود مختار ریاست بن کر ابھرے، انھوں نے کہا کہ دشمن نے چاروں طرف سے وطن عزیز کو گھیرا ہوا ہے لہذاٰ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کو اپنے ذاتی اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کی سالمیت کیلئے سوچنا ہوگا، شہیر سیالوی نے بہت جلد سیاست میں آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انکے بڑی سیاسی جماعتوں کی نظریاتی قیادت سے رابطے مضبوط ہیں، میدان سیاست میں آکر بڑی بڑی وکٹیں گرائیں گے، ملک سے فرقہ واریت اور لسانیت کا خاتمہ کرینگے، پاکستان کو بیرونی دبائو سے آزاد کرایا جائے گا، اس حوالے سے بہت جلد قوم کو خوشخبری دینگے، انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ بیرونی دبائو سے بچنے کیلئے معیشت کو بہتر کرے اور قرض مکائو مہم کا آغاز کرے، میں خود چوک میں بیٹھ کر قوم سے بھیک مانگوں گا، اس موقع پر اسٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ وویمن ونگ کی چیئرپرسن پلوشہ سعید نے کہا کہ اب فاظمہ جناح کی وارث اور اس قوم کی بیٹیاں سیاسی اور سماجی میدان میں اپنا کردار ادا کرینگی، اس موقع پرایس وائی پی کے ترجمان چوہدری حسیب، یونیورسٹی کونسل کے صدر ملک فرحان بشیر، راجہ نعمان، عبدالشکور شجرا، مرکزی ترجمان چوہدری فیصل، ملک وقاص اعوان، اور راولپنڈی کے صدر راجہ فیضان کا کہنا تھا کہ ہم نے پورے پاکستان میں اپنے قدم جما لئے ہیں اور اپنا تنظیمی ڈھانچہ مضبوط اور وسیح کر لیا ہے لہذاٰ بہت جلد قوم کو خوشخبری دینگے جس کا اس قوم کو اصل انتظار ہے۔