متحدہ عرب امارات سے پاکستان پہنچنے والے مزید مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص

پشاور کے باچا خان ائیر پورٹ پر ابوظہبی سے آنے والے 6 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 مئی 2021 00:11

متحدہ عرب امارات سے پاکستان پہنچنے والے مزید مسافروں میں کورونا وائرس ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2021ء) متحدہ عرب امارات سے پاکستان پہنچنے والے مزید مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص۔ تفصیلات کے مطابق باچا خان ائیر پورٹ پر 6 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ ایئر پورٹ ذرائع نے بتایا کہ ابوظہبی سے پشاور آنے والے 5 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بھی باچا خان ائیرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے ایک مسافر کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

کورونا کی تشخیص کے بعد مسافروں کو باچا خان ائیر پورٹ سے مقامی ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔ کورونا کی تشخیص والے مسافر 10 دن مقامی ہوٹل میں قرنطینہ میں گزاریں گے جس کے بعد ان کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا۔ ٹیسٹ منفی آنے پر ہی مسافروں کو قرنطینہ ختم کرنے کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل گزشتہ روز سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے پاکستان پہنچنے والے 5 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

کورونا کی روک تھام کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں بدھ کے روز کراچی کے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی طبی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس دوران 5مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ کورونا کی تشخیص کے بعد پانچوں مسافروں کو وفاقی حکومت کے قرنطینہ مرکز منتقل کردیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ دبئی سے پہنچنے والی پرواز میں سے 2مسافروں جبکہ ریاض سے آنے والی پرواز میں سے 3 مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے۔ واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے80فیصدعالمی پروازوں پرپابندی عائدکردی اور انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن 20 فیصد محدود کردیا گیاہے، یہ پابندی 20 مئی تک نافذ العمل رہے گی۔سی اے اے نے این سی اوسی کی ہدایت پرانٹر نیشنل فلائٹ آپریشن محدود کرتے ہوئے پاکستان آنیوالی ہفتہ وارعالمی پروازوں کی تعداد590سے کم کر کی123 کردی ہیں۔

کراچی آنیوالی ہفتہ وارعالمی پروازوں کی تعداد189سے کم کرکے40 ، اسلام آبادایئرپورٹ آنے والی ہفتہ وارپروازیں120 سے 25 تک اور پشاور ایئرپورٹ آنے والی عالمی پروازوں کی تعداد33سے کم کرکے 6 کردی گئی ہیں۔ اسی طرح کوئٹہ آنے والی پروازیں 10سے کم کردی گئیں، صرف 2پروازیں آپریٹ ہوں گی جبکہ فیصل آبادآنے والی عالمی پروازیں 24سے کم کرکے5 ، سیالکوٹ آنے والی عالمی پروازیں43 سے کم کرکے8 اور ملتان ایئرپورٹ پر ان بائونڈ فلائٹس کی تعداد41 سے کم کرکے 8 تک محدود کردی ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی این سی او سی کی ہدایت پرباقاعدہ نوٹم جاری کرچکاہے جبکہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے ریپڈاینٹیجنٹ ٹیسٹ ایئرپورٹ پر شروع ہوچکے ہیں۔