وفاقی وزیر اسد عمر نے عوام کو عید سادگی سے منانے کی اپیل کر دی

آئیں مل کر اس اہم ترین وقت کو احتیاط سے گزاریں۔ وفاقی وزیر اور سربراہ این سی او سی اسد عمر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 7 مئی 2021 14:51

وفاقی وزیر اسد عمر نے عوام کو عید سادگی سے منانے کی اپیل کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مئی 2021ء) : وفاقی وزیر اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) اسد عمر نے عوام کو ایک مرتبہ پھر سے عید الفطر سادگی سے منانے کی اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے آخری چند دن اور عید سادگی اور احتیاط سے منائیے۔

اللہ کے کرم سے اور بروقت فیصلوں سے ہمارے ملک میں وہ حالات نہیں ہوئے جو پڑوس میں ہیں۔ آئیں مل کر اس اہم ترین وقت کو احتیاط سے گزاریں۔
دوسری جانب کورونا کی تیسری لہر کے باوجود مارکیٹوں میں عید کی خریداری کے لیے شہریوں کے رش نے صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کو بھی حیران کر دیا۔ صوبائی وزیرتعلیم برائے سکولز ڈاکٹر مراد راس نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ مارکیٹ میں شہریوں کا رش دیکھ کر پریشان ہوں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو اپنی زندگی سے زیادہ شاپنگ زیادہ عزیز ہے۔ اس ہفتے مارکیٹ، مالز میں اتنا رش تھا جیسے شہریوں کے پاس خریداری کے لیے آخری موقع ہے۔ صوبائی وزیر مراد راس نے بتایا کہ شہریوں کا بلا ضرورت گھروں سے نکل مارکیٹوں میں جانا حیران کن ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر زوروں پر ہے. گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 140 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 18 ہزار 677 ہوگئی۔

جبکہ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار 131 ہوگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 298 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 14 ہزار 517، سندھ میں 2 لاکھ 89 ہزار 646، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 22 ہزار 520، بلوچستان میں 23 ہزار 16، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 358، اسلام آباد میں 77 ہزار 414 جبکہ آزاد کشمیر میں 17 ہزار 660 کیسز رپورٹ ہوئے۔