ایک اور یورپی ملک نے پاکستان کو کورونا کی ریڈ لسٹ میں ڈال دیا

فرانسیسی حکومت نے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کر دیا، پاکستان سے فرانس جانے والوں کو پندرہ روز قرنطینہ میں رہنا ہو گا، عید منانے کےلئے پاکستان جانے والوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 9 مئی 2021 19:56

ایک اور یورپی ملک نے پاکستان کو کورونا کی ریڈ لسٹ میں ڈال دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 9مئی 2021) کورونا کی تشویشناک صورتحال، برطانیہ کے بعد ایک اور یورپی ملک نے پاکستان کو کورونا کی ریڈ لسٹ میں ڈال دیا۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے بعد فرانس نےبھی کورونا کی صورتحال خراب ہونے کی وجہ سے پاکستان کو کورونا ریڈ لسٹ میں ڈال دیا ہے، اس حوالے سے فرانسیسی حکومت نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق پاکستان کے علاوہ کل 7 ممالک کو کورونا ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ فرانسیسی حکو مت نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پاکستان سے فرانس جانے والوں کو پندرہ روز قرنطینہ میں رہنا ہو گا، عید منانے کےلئے پاکستان جانے والوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔فرانس نے سری لنکا، نیپال، متحدہ عرب امارات سمیت 7 نئے ممالک سے آنے والوں پر بھی قرنطینہ لازم کردیا ہے۔

(جاری ہے)

فرانس میں پاکستانی کمیونٹی کے مطابق میکرون حکومت کے اقدام سے ان کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔ یاد رہے پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر برطانوی حکومت نے پاکستان سمیت چار ممالک پر 9 اپریل سے سفری پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس حوالے سے برطانوی حکومت نے نئے قواعد و ضوابط بھی جاری کے، جن کے تحت صرف ان پاکستانیوں کو ہی برطانیہ میں داخلے کی اجازت ملے گی جن کے پاس برطانیہ کی شہریت یا وہاں کا ریزیڈنسی ویزا ہے اور ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

ان افراد کو برطانیہ پہنچنے پر 10 دن کے لیے اپنے خرچ پر لازمی قرنطینہ میں بھی رہنا ہو گا۔ خلاف ورزی کی صورت میں انھیں دس ہزار پاؤنڈ جرمانے یا 10 سال تک قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اور جن پاکستانیوں کے پاس برطانیہ کی شہریت نہیں وہ ان سفری پابندیوں کے اٹھائے جانے تک واپس برطانیہ نہیں جا سکتے۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر نے خوف پھیلا دیا ہے کورونا کیسز میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے لئے پاکستان بھر میں لاک ڈاون نافذ کردیا گیا ہے، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، پارکس اور تفریحی مقامات بند کر دیئے گئے، صرف بنیادی اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلیں گی، کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

لاہور میں لاک ڈاون کا دوسرا روز ہے، تمام مارکیٹیں، کاروبار، دفاتر اور دکانیں بند ہیں ۔ مشروبات کے ڈسٹری بیوٹرز، ڈرائی کلینرز اور لانڈری کی دکانیں کھلی رہیں ۔