ؔکوئٹہ ، بلوچستان کے دوردرازعلاقوں میں اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والوں کی کمی نہیں، انجینئر جمیل احمدکرد

اتوار 9 مئی 2021 21:10

-کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2021ء) الخدمت فائونڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمدکرد نے کہاکہ بلوچستان کے دوردرازعلاقوں میں اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والوں کی کمی نہیں سرمایہ دار،کسان ،زمینداروں کے رزق میں اللہ نے اضافہ کر دیا ہے لیکن دوسری جانب غریب مساکین بلخصوص یتیموں ان کے مال میں بھی حق ہے ۔ صدقہ وخیرات کرنے سے مال میں برکت ،زندگی میں سکون واطمینان آسکتا ہے ۔

الخدمت فائوڈیشن بلوچستان میں ساڑے چارسو یتیم بچوں کی کفالت کر رہے ہیں انشاء اللہ ہم اس تعدادکو ایک ہزار تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،تعلیم وصحت کی سہولیات سمیت بیوائوں مساکین اور طلباء کی معاونت ہماری ترجیحات میں شامل ہے خضدار کے اہلخیر الخدمت فائونڈیشن کا ساتھ دیں تاکہ ہم اپنی پراجیکٹس میں وسعت وبہتری لے آئیں ان خیالات کا اظہارانہوں نے خضدار میں الخدمت فائونڈیشن کے زیراہتمام ڈونر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جماعت اسلامی خضدار کے امیر مولانا محمد اسلم گزگی سمیت دیگر سیاسی سماجی رہنمائوں نے شرکت کی کانفرنس میں اہل خیر نے لاکھوں روپے الخدمت کے یتاماپراجیکٹس میں جمع کیے اور بہت سے اہل خیر نے بہت جلد تعاون کا وعدہ کیا ۔

(جاری ہے)

دیگر مقررین نے خطاب میں کہاکہ الخدمت فائونڈیشن کے کام پر سب کا اعتماد وبھروسہ ہے مخیر حضرات نے جتنا تعاون واعتماد کیاالحمداللہ الخدمت فائونڈیشن کے ذمہ داران ورضاکاروں نے اس سے بڑھ کر کام کیا اور اعتماد حاصل کیا ۔دکھی انسانیت کی خدمت کرکے اللہ کی رضاکیساتھ سکون واطمینان بھی میسر ہوتاہے صرف اپنی دسترخوان سجاکر عید کی بڑی بڑی خریداری کرکے سکون اطمینان اور کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی ۔دوسروں کے دکھ درد پریشانی میں شامل ہوکر اپنی دکھ وپریشانی میں کمی کی جاسکتی ہے ۔الخدمت فائونڈیشن بہت جلد بلوچستان میں یتیم بچوں کی کفالت کیلئے آغوش سینٹرزبنائیں گے تاکہ ایک چھت کے نیچے یتیم بچوں کی کفالت تعلیم وتربیت اور خوراک کا بہترین انتظام کیا جائے