لاہور میں قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن

ڈیفنس کے قریب اربوں روپے مالیت کی 440 کنال سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 22 مئی 2021 12:22

لاہور میں قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 مئی 2021ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اربوں روپے مالیت کی 440 کنال اراضی واگزار کروالی گئی۔ تفصیلات کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف لاہور کے علاقے ڈیفنس کے قریب موضع جلال پورہ کے قریب کارروائی عمل میں لائی گئی ، جس کے نتیجے میں محکمہ کوآپریٹو کی اربوں کی سرکاری زمین واگزار کروالی گئی ، جس کے بعد محکمہ کوآپریٹو نے واگزار کروائی گئی اراضی کا کنٹرول سنبھال لیا۔

اس ضمن میںوزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا کی سرکوبی کیلئے آخری حد تک جائیں گے، سابق ادوار میں قبضہ مافیا سرکاری اراضی پر ہاتھ صاف کرتا رہا لیکن حکمرانوں نے آنکھیں بند کیے رکھیں تاہم وزیراعظم عمران خان کا شفاف پاکستان حقیقت میں بدل رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا ایک ناسور ہے، ماضی میں سرکاری سرپرستی میں قبضہ مافیا کو تحفظ دیا گیا، سرکاری اراضی پر قابض افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، اسی لیے قبضہ مافیا کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، قیمتی سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنائیں گے۔

دوسری طرف پولیس اور ایل ڈی اے نے قبضہ مافیا منشاء بم اور اس کے بیٹوں کے قبضے سے اربوں روپے مالیت کی 40 کنال زمین واگزار کرالی ، لاہور پولیس چیف غلام محمود ڈوگر نے بتایا کہ منشاء بم اور اس کے بیٹوں نے اربوں روپے مالیت کی اراضی پر قبضہ کیا ہوا تھا جہاں سے عارضی ٹھیلے لگوا کر بھتہ وصول کیا جارہا تھا ، جس کی وجہ سے منشاء بم اور اس کے بیٹے عام شہریوں کے لیے بھی دہشت کی علامت بنے ہوئے تھے تاہم پولیس شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی ، اس لیے شہریوں کو قبضہ گروپوں اور بدمعاشوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ، کیوں کہ شہریوں کی اراضی کسی صورت ہتھیانے نہیں دی جائے گی۔

چند روز قبل ہی پلاٹ پر قبضہ کی کوشش کرنے پر پنجاب پولیس ایکشن میں آئی اور اس نے منشا بم کے تینوں بیٹوں کو گرفتار کر لیا ، ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کے مطابق منشا بم کے بیٹے عمر ،عاصم اور طارق نے ایک شہری کے پلاٹ پر قبضے کی کوشش کی تھی جس پر انہیں گرفتار کیا گیا ہے ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں نے شہری سے گن پوائنٹ پر سونے کی چین اورنقدی بھی چھینی تھی، ملزموں کے قبضے سے جدید اسلحہ برآمد کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔