پنجاب کے چیف سیکرٹری نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو کرکٹ بورڈ کی معاونت کرنے کیلئے خط لکھ دیا

کرکٹ کو بیوروکریسی کے حوالے کرنے سے کھیل تباہ ہوجائے گا، سابق چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی

بدھ 26 مئی 2021 00:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2021ء) پنجاب کے چیف سیکرٹری نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو کرکٹ بورڈ کی معاونت کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے خط میں ہدایت کی کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کرکٹ کا فروغ یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔خط میں سینٹرل پنجاب کے کمشنرز کو کرکٹ کی بحالی کے جامع پلان کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کو بیوروکریسی کے حوالے کرنے سے کھیل تباہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کرکٹ نہیں چلا سکتی، مزید تباہ کردے گی، بیوروکریسی کی وجہ سے دیگر اسپورٹس پہلے ہی تباہ ہوچکے ہیں۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے نجم سیٹھی کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کو خط صرف کرکٹ معاملات میں معاونت کیلئے لکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے سی او او سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو نئے ’ماڈل آئین‘ کے تحت چلایا جارہا ہے، چیف سیکرٹری پنجاب کا کمشنرز کو خط مدد کیلئے ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیٹ اپ میں کوئی تبدیلی نہیں ہے یہ باتیں درست نہیں، صرف صوبائی اسٹرکچر کو کھڑا کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر سے مدد لی گئی ہے۔پی سی بی کے ڈائریکٹر ندیم خان نے بھی سیٹ اپ کی تبدیلی کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ سینٹرل پنجاب کے خط سے غلط فہمی ہوئی، سیٹ اپ میں تبدیلی اور کرکٹ بیورو کریسی کے حوالے کرنے کا تاثر غلط ہے۔