سعودی عرب میں گھریلو ملازمین کے حوالے سے اہم فیصلہ ہو گیا

سعودی کابینہ نے ریکروٹنگ فرمز کو پابند کیا ہے کہ وہ گھریلو ملازمین کی انشورنس کوریج بھی کروائیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 27 مئی 2021 10:54

سعودی عرب میں گھریلو ملازمین کے حوالے سے اہم فیصلہ ہو گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27مئی2021ء) سعودی عرب میں لاکھوں گھریلو ملازمین کام کر رہے ہیں، جن میں گھریلو خادمائیں، مالی، ڈرائیورز اور دیگر عملہ شامل ہے۔ پاکستانیوں کی ایک بڑی گنتی گھریلو ڈرائیور کے طور پر کام کر رہی ہے۔ سعودی عرب نے گھریلو ملازمین کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے کابینہ کے اجلاس کے ایک فیصلے کے ذریعے گھریلو ملازمین کو بھرتی کرنے والی ریکروٹمنٹ فرمز کو پابند کیا ہے کہ وہ اپنے صارفین کی جانب سے گھریلو ملازمین کو تنخواہ پر بھرتی کرنے کے معاہدے میں انشورنس کوریج بھی شامل کر لیں۔

یہ فیصلہ منگل کے روز کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کا انعقاد وڈیو کال کے ذریعے سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں ہوا۔

(جاری ہے)

مذکورہ معاہدوں میں شامل انشورنس کوریج کا مقصد آجر اور ملازم دونوں کے حقوق کو یقینی بنانا ہے جب کہ ملازم اپنا کام جاری رکھنے سے انکار کر دے یا پھر معاہدے کی مدت پوری نہ کرے۔فیصلے کے مطابق پہلے دو سال کے لیے انشورنس کے اخراجات ریکروٹنگ فرموں اور آجروں کے بیچ طے پانے والے معاہدوں میں شامل کی جائے گی۔

دو سال بعد آجر کی جانب سے ملازم کے قیام کی تجدید کی صورت میں انشورنس کوریج اختیاری ہو گی۔کابینہ نے اجلاس میں مملکت میں سرمایہ کاری کی وزارت منظم کرنے کی بھی منظوری دی۔کابینہ نے وزیر سیاحت یا ان کی نیابت کرنے والے کو سیاحت کے شعبے میں دو مفاہمتی یادداشتوں کے حوالے سے سلطنت عْمان اور فرانس کے ساتھ بات چیت کے اختیارات سونپ دیے۔ اسی طرح اقوام متحدہ کے زیر انتظام عالمی ادارہ سیاحت کے ساتھ مذاکرات کا اختیار بھی سونپا گیا ہے۔ اس کا مقصد برقی تعلیم کے طریقے سے انسانی صلاحیتوں کو ترقی دینا ہے۔