آج کل وہ دن ہیں جن دنوں اپوزیشن کا پلڑا حکومت سے بھاری ہوتا ہے ، شہباز گل

آج کل بجٹ کا موسم ہے جو حکومت کے لیے سخت ہوتا ہے ، حکومت بجٹ کے دنوں میں پاؤں ڈھکتی ہے تو سر ننگا ہو جاتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 6 جون 2021 16:12

آج کل وہ دن ہیں جن دنوں اپوزیشن کا پلڑا حکومت سے بھاری ہوتا ہے ، شہباز ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 جون 2021ء ) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ آج کل وہ دن ہیں جن دنوں میں اپوزیشن کا پلڑا حکومت سے بھاری ہوتا ہے ، حکومت بجٹ کے دنوں میں پاوں ڈھکتی ہے تو سر ننگا ہو جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ آج سارا دن ہماری پارٹی کی پریس کانفرنسز ہوتی رہیں اور آج اپوزیشن کی جانب سے مکمل خاموشی ہے ، باجی اور چچا دونوں سائلنٹ موڈ پر ہیں ، ن لیگ کے سائلنٹ موڈ پر ہونے سے ہماری نوکری خطرے میں ہے ، مسلم لیگ ن کی فرعونیت تھی لیکن اب ان پر ترس آتا ہے حالاں کہ آج کل وہ دن ہیں جن دنوں میں اپوزیشن کا پلڑا حکومت سے بھاری ہوتا ہے کیوں کہ آج کل بجٹ کا موسم ہے جو حکومت کے لیے سخت ہوتا ہے ، حکومت بجٹ کے دنوں میں پاوں ڈھکتی ہے تو سر ننگا ہو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان معاون خصوصی نے کہا کہ آج گندم کی سب سے بہترین فصل اور بہترین پیسہ بھی مل رہا ہے ، گندم کے بعد ہم لائیو اسٹاک پر توجہ دینے جارہے ہیں ، حکومتی اقدامات کے باعث کسانوں کو فصل کا بہترین معاوضہ مل رہا ہے ، آج مرغی کی قیمت مزید کم ہو گئی ہے جب کہ مئی کے مہینے میں پیٹرول 7 لاکھ 30 ہزار ٹن استعمال ہوا ہے ، ڈیزل 7 لاکھ 62 ہزار ٹن استعمال ہو ا ہے ، ن لیگ سے پوچھیں کہ معیشت نہیں چل رہی ہے تو یہ تیل کون خرید رہا ہے ، اپنے دور میں ن لیگ نے کمیشن لے کر مہنگے بجلی گھر بنائے ، یہ لوگ انڈرپاس اوراووراسپیڈ سے نکلتے تو کام بنتا ، پنجاب اسپیڈنے راوی کو گندے پانی کا جوہڑ بنا دیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان مقدر کے سکندر ہیں جنہیں اتنی نااہل اور نکمی اپوزیشن ملی، نواز شریف حکومت کو گولی دینے میں کامیاب ہو گئے لیکن شہباز شریف کو بھاگنے سے روک لیا ، ان کے پاس اب ای سی ایل میں نام ڈالنے کے خلاف اپیل کا حق بھی کل ختم ہوچکا ہے ، اسلام آباد کے جی نائن مرکز میں ویکسینیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ آ رہا ہے ، جس میں مزدوروں کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہوگا ، اب اس ملک میں کوئی اپوزیشن نہیں دیکھ رہا۔