صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے ،صوبائی وزیر امجد علی

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبہ بھر میں 1000 سپورٹس سہولیات جبکہ نئی ضم شدہ اضلاع میں بھی 30 کثیرالمقاصد کھیل کے مراکز بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے

Amjad Ali khan امجد علی خان جمعرات 10 جون 2021 17:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون 2021ء،نمائندہ خصوصی،امجد علی خان) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبہ بھر میں 1000 سپورٹس سہولیات جبکہ نئی ضم شدہ اضلاع میں بھی 30 کثیرالمقاصد کھیل کے مراکز بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سوات سیدو شریف میں 100 ملین روپے کی لاگت سے قومی کھیل ہاکی کیلئے بھی ایک گراؤنڈ تعمیر کیا جارہا ہے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے شموزئی سوات میں ملاکنڈ ریجن کی سطح پر کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کی منعقدہ اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے اپنے خطاب میں ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ کھیل صرف تفریح کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ جسم کو چاق و چوبند اور ذہنی اور جسمانی نشونما میں بھی اہم کردار ادا کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت شروع ہی سے کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو اس حوالے سے سہولیات فراہم کرنے کیلئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پشاور میں ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی مزید بہتری و فعالیت، حیات آباد سپورٹس کمپلیکس اور قیوم سٹیڈیم کی اپگریڈیشن سمیت خیبر پختونخوا کے57 مختلف مقامات پر کھیل کے میدان تعمیر کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کالام اور سیدو شریف میں کرکٹ سٹیڈیمز کی تعمیر سے یہاں کے لوگوں کو نہ صرف صحت مندانہ سرگرمیوں اور تفریح کے مواقع میسر ہوں گے بلکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لئے بھی موقع ملے گا۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 470 ملین روپے کی لاگت سے سیدو شریف کے گراسی کرکٹ گراونڈ کی جدید طرز پر تعمیر کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ پی کے 6 کے ہر یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کے میدان تعمیر کر رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ والی گراؤنڈ شموزئی علاقہ تیرنگ کیلئے اراضی خریداری سمیت اس پرمینی سٹیڈیم کی تعمیر پر 4 کروڑ روپے خرچ کر رہے ہیں۔حلقہ پی کے 6 تحصیل بریکوٹ گراؤنڈ کی اپگریڈیشن پر 3 کروڑ جبکہ نوی کلی گراؤنڈ پر ایک کروڑ روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ شموزئی سٹیڈیم پر 400 ملین روپے خرچ کئے جارہے ہیں اس کے ساتھ تیرانگ ایریا کے لئے اراضی بھی حاصل کی گئی ہے'صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کوٹہ گراؤنڈ پر کام مکمل جبکہ غلیگئی گراؤنڈ پر کام جاری ہے۔ اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے فاتح ٹیموں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔