انگلینڈ کو دھچکا، شعیب بشیر بھارت کے خلاف بقیہ ٹیسٹ میچز سے باہر

ابتدائی طور پر ٹیم انتظامیہ کو امید تھی کہ شعیب بشیر آخری سیشن میں بولنگ پر واپس آجائیں گے مگر نہ آسکے

منگل 15 جولائی 2025 14:30

انگلینڈ کو دھچکا، شعیب بشیر بھارت کے خلاف بقیہ ٹیسٹ میچز سے باہر
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)انگلینڈ کے اسپنر شعیب بشیر بائیں انگلی میں فریکچر کی وجہ سے بھارت کے خلاف بقیہ دو ٹیسٹ میچوں سے باہر ہوگئے۔بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز کے 78ویں اوورز کے دوران شعیب بشیر نے اپنی بائیں چھوٹی انگلی پر اس وقت چوٹ لگی جب رویندرا جڈیجا نے گیند کو واپس ان کی طرف کھیلا۔

شعیب بشیر نے فوری مدد کے لیے ڈریسنگ روم کی طرف اشارہ کیا اور جو روٹ کو ان کا اوور مکمل کرنا پڑا۔ابتدائی طور پر ٹیم انتظامیہ کو امید تھی کہ شعیب بشیر آخری سیشن میں بولنگ پر واپس آجائیں گے لیکن وہ متبادل فیلڈرز کے ساتھ سائیڈ لائن پر رہے اور چوتھے دن میدان میں نہیں آئے۔21 سالہ شعیب بھی آخری دن کے زیادہ تر وقت میدان سے باہر رہے اور بالآخر بولنگ میں واپس آئے جب ہوم سائیڈ کو فتح حاصل کرنے کے لیے دو وکٹوں کی ضرورت تھی۔

(جاری ہے)

اسپنر کی میدان میں واپسی انگلینڈ کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوئی انہوں نے محمد سراج کو بولڈ کرکے انگلش ٹیم کے لیے آخری وکٹ حاصل کی۔تاہم اب شعیب بشیر بقیہ دو میچز سے محروم ہوگئئے ہیں کیونکہ انہیں رواں ہفتے سرجری کروانی ہوگی۔شعیب بشیر کی جگہ جیک لیچ، لیگ اسپنر ریحان احمد اور کاؤنٹی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے لیام ڈاسن ممکنہ امیدواروں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔