وزیراعظم نے وفاقی بجٹ کی منظوری کا ٹاسک گورنر پنجاب کو سونپ دیا

پاکستان مسلم لیگ ق سمیت تمام اتحادی بجٹ میں حکومت کا ساتھ دیں گے، اپوزیشن خواب دیکھتی رہ جائے گی اور بجٹ منظور ہوجائے گا۔ چوہدری سرور کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 جون 2021 18:03

وزیراعظم نے وفاقی بجٹ کی منظوری کا ٹاسک گورنر پنجاب کو سونپ دیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 جون 2021ء ) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی بجٹ کی منظوری کا ٹاسک گورنر پنجاب چوہدری سرور کو سونپ دیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعطم عمران خان کی جانب سے بجٹ منظور کروانے کا ٹاسک سونپے جانے کے بعد گورنر پنجاب چوہدری سرورآج پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، انہوں نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ہرشعبے میں عوام کوریلیف دینے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے، پاکستان مسلم لیگ ق سمیت تمام اتحادی بجٹ میں حکومت کا ساتھ دیں گے، کیوں کہ حکومت تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلے گی ، جس کے لیے اتحادیوں کےتحفظات بھی دور کیے جائیں گے، جس کے بعد اپوزیشن بجٹ منظور نہ ہونے کے خواب دیکھتی رہ جائے گی اور بجٹ منظور ہوجائے گا، اپوزیشن پہلے بھی ناکام ہوچکی ہے اور آئندہ بھی ان کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ، کیوں کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور نہ ہی آئیں گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں حکومت نے قومی اسمبلی میں قانون سازی کے دوران اپوزیشن کے احتجاج کے خدشے کے پیش نظر اتحادیوں کو اعتماد میں لینا شروع کر دیا ، ذرائع نے بتایا کہ ایجنڈا حکومتی بزنس سے بھرپور ہے اور اجلا س میں اہم قانون سازی کی جائے گی ، حکومت نے قانون سازی مکمل کرنے کے لیے اپنے ارکان کو ایوان میں حاضر ہونے کی تاکید کردی، کیوں کہ عین وقت پر طویل ایجنڈا جاری ہونے ہونے پر اپوزیشن کی طرف سے بھی احتجاج کا قوی امکان ہے، اس لیے حکومت کی جانب سے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

دوسری طرف نیا بجٹ آنے میں صرف ایک روز باقی ہے اور اپوزیشن حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے تاحال شہباز شریف کی ہدایت کی منتظر ہے ، میڈیا ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے تاحال اپوزیشن جماعتوں سے رابطے نہیں کیے ، جس کی وجہ سے بجٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے سے متعلق پی ڈی ایم کی حکمت عملی تیار نہیں ہو سکی ، بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں شہبازشریف کو بجٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا ٹاسک سونپا گیا تھا تاہم بجٹ سے متعلق شہباز شریف نے تاحال پیپلزپارٹی سے بھی رابطہ نہیں کیا۔