پاکستان سپورٹس بورڈ کے دروازے کھل گئے

فیڈریشنز کے نمائندوں کے ساتھ ڈائریکٹر جنرل کی ملاقات، کھیلوں کی ترقی کے لئے امدادی چیک بھی دیئے

جمعرات 10 جون 2021 22:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2021ء) ہاکی، کبڈی، ٹینس، اسکواش، کراٹے، الپائن، جوڈو، ویٹ لفٹنگ، ٹین پن بولنگ، ووشو، باڈی بلڈنگ، ٹیبل ٹینس اور رائفل شوٹنگ سمیت تیرہ فیڈریشنوں کے نمائندوں نے گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل، پاکستان سپورٹس بورڈ کرنل (ر) محمد آصف زمان سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈنے کھیلوں کے حوالہ سے بنائی جانیوالی مجوزہ سپورٹس پالیسی کے اہم نکات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک آزادانہ الیکشن کمیشن کی تشکیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

مجوزہ الیکشن کمیشن آزادانہ طور پر کام کرے گا اور ہر فیڈریشن کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ قومی کھیلوں کی فیڈریشنز کے تنازعات کے جلد حل کے لئے ایک آزاد کمیشن کا بھی قیام عمل میں لایا جائے گا۔ 2021-22 کو ''کھیلوں کا سال'' قرار دیتے ہوئے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈنے فیڈریشنز کے نمائندوں سے کہا کہ وہ اپنے دو سال کے منصوبے اہداف کے ساتھ دسپورٹس بورڈ کو بھجوائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فیڈریشنوں کو زیادہ فعال بناے کے لئے بجٹ میں اضافہ کرے گی تاہم اس سلسلے میں سب کو جوابدہ ہونا ہوگا۔انہوں نے ڈوپنگ کے رجحان کی حوصلہ شکنی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈوپنگ جیسی لعنت کے ساتھ بے رحمی کیساتھ نمٹا جائیگا۔آخر میں، ڈائریکٹر جنرل نے اس امید کے ساتھ نیشنل اسپورٹس فیڈریشنوں میں مختلف رقوم کے چیک تقسیم کیے کہ یہ پیسہ نہایت دیانت داری کے ساتھ کھیلوں اور کھلاڑیوں کی ترقی پر خرچ ہوگا۔ فیڈریشنوں کے نمائندوں نے ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ اور حکومت کا مالی مدد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ کہ اس رقم کو مطلوبہ مقاصد کے حصول کے لئے خرچ کیا جائے گا۔