Live Updates

اپوزیشن جماعتوں نے کورونا وباء میں بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ، مایوس اپوزیشن نے ہر قومی مسئلے پر عوام کو مایوس کیا ہے‘عثمان بزدار

حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ اپوزیشن کو خود اپنے آپ سے خطرہ ہے،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات جون 23:00

اپوزیشن جماعتوں نے کورونا وباء میں بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ، مایوس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے مخالفت برائے مخالفت میں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھٹیا سیاست کی۔ عوام کے سامنے بلند و بانگ دعویٰ کرنے والوں کی قلعی کھل چکی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا کے غیر معمولی حالات میں بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔

مایوس اپوزیشن نے ہر قومی مسئلے پر عوام کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنی تمام توانائی صرف زبانی جمع خرچ پر صرف کی۔ اپوزیشن کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیئے کہ بیان بازی سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی۔عوام کی خدمت کیلئے ان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ہم کل بھی عوام کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے اپوزیشن نے قومی مفادات کو بالائے طاق رکھا ہواہے۔ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ اپوزیشن کو خود اپنے آپ سے خطرہ ہے۔حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر فطری اتحاد پی ڈی ایم عملاً ختم ہوچکاہے اور ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ بھی اپنی موت آپ مرچکا ہے۔ ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔عملی طور پر اپوزیشن کی پوزیشن صفر رہی۔اپوزیشن واویلا مچاتی رہی اور عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام دوچہروں والے ان سیاست دانوں کی منفی سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر سے متعلق تازہ ترین معلومات