افسوسناک حادثہ، پی ٹی آئی رہنما کی گاڑی دریائے جہلم میں ڈوب گئی

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسمبلی صغیر چغتائی انتخابی مہم پر تھے، تاحال لاپتہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 11 جون 2021 11:41

افسوسناک حادثہ، پی ٹی آئی رہنما کی گاڑی دریائے جہلم میں ڈوب گئی
راوالاکوٹ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جون 2021ء) ممبر آزاد کشمیر قانون اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صغیر چغتائی کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ صغیر چغتائی کی گاڑی دریا میں بہہ گئی۔ڈی آئی جی پونچھ کے مطابق صغیر چغتائی اور ان کے ڈرائیور گاڑی میں موجود تھے۔مزید بتایا گیا ہے کہ صغیر چغتائی کی گاڑی کو حادثہ اس وقت پیش آیا جب مخالف سمت سے ایک گاڑی آ رہی تھی۔

مخالف سمت سے آنے والی مہران کار کی ٹکر کے باعث ان کی گاڑی دریا میں جا گری۔ذرائع کے مطابق گاڑی میں صغیر چغتائی کے سیکرٹری بھی سوار تھے۔ایک کلٹس گاڑی کی بھی دریا میں ڈوبنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے تاحال صغیر چغتائی کے حوالے سے کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی پونچھ کے مطابق صغیر چغتائی اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔

دریائے جہلم میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔اور صغیر چغتائی اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق حادثے میں صغیر چغتائی کے گارڈ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔،صغیر چغتائی اپنے حلقہ انتخاب میں انتخابی مہم پر جارہے تھے خیال رہے کہ صغیر چغتائی نے حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 29 مئی2021 کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران نے ملاقات کی تھی ۔

اس موقع پر ممبران قانون ساز اسمبلی علی شان سونی، علی رضا بخاری، صغیر چغتائی ، سابق سپیکر انوارالحق اور سابق وزیر شہزاد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت ، ویڑن اور پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔ دوران ملاقات ممبران قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ جس مدبرانہ اور مربوط حکمت عملی سے وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو مالی بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور جس موثرانداز میں انہوں نے بین الاقوامی فورمز پر نہ صرف کشمیر بلکہ اسلام کا مقدمہ لڑا ہے وہ نہایت قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے ویڑن اور عملی اقدامات سے متاثر ہو کر پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے ویڑن کو مزید آگے بڑھا سکیں ۔