امریکہ کے 500 صحافیوں کا اسرائیلی جرائم بے نقاب کرنے کا مطالبہ

پیر 14 جون 2021 14:01

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2021ء) امریکی میڈیا کے 500 سے زیادہ صحافیوں نے ایک مشترکہ مکتوب شائع کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام ذرائع ابلاغ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے اصل حالات کوبیان کریں اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کی حقیقت کوسامنے لائیں۔امریکی میڈیا کا فلسطین سے نمٹنے کے بارے میں ایک کھلا خط کے عنوان سے شائع اس مکتوب میں خبروں کی اشاعت میں اسرائیلی  جرائم کو چھپانے اور فلسطینیوں کے خلاف منظم جبر کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ترک  نیوز ایجنسی اناطولیہ کے مطابق  اس خط پر 514 امریکی صحافیوں کے دستخط ثبت ہیں۔ جن میں امریکہ کے اہم میڈیا اداروں جیسے واشنگٹن پوسٹ ، وال سٹریٹ جرنل  اور لاس اینجلس ٹائمز کے صحافی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس مکتوب میں لکھا گیا ہے کہ حقیقت کی تلاش اور طاقتور کو جوابدہ ہونا صحافت کے بنیادی اصول ہیں  لیکن کئی دہائیوں سے ہماری نیوز انڈسٹری نے اسرائیل اور فلسطین سے متعلق خبروں میں ان اقدار کو ترک کردیا ہے۔

صحافیوں نے اپنے خط میں کہا کہ ہم نے اپنے قارئین کو اس داستان کے ساتھ ناکام بنا دیا جس نے اس کہانی کے بنیادی پہلوؤں اسرائیلی فوجی قبضے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی نسل پرستی کو واضح کردیا تھا۔صحافیوں نے ان دہائیوں کے خراب پریس کے خاتمے اور صحافت کا ٹریک فوری طور پر تبدیل کرنے کی ضرورت  پر زوردیا ہے۔