گورنر راج کی بات کرنا فواد چوہدری کی ذہنی پسماندگی کی عکاسی ہے ،ناصرشاہ

پی ٹی آئی حکومت کو آئین، قانون اور جمہوری روایات کا کچھ پتا نہیں۔ پی ٹی آئی کے وزرا جو منہ میں آتا ہے وہ بول دیتے ہیں، وزیراطلاعات سندھ

پیر 14 جون 2021 18:04

گورنر راج کی بات کرنا فواد چوہدری کی ذہنی پسماندگی کی عکاسی ہے ،ناصرشاہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) سندھ کے وزیر اطلاعات وبلدیات سید ناصرحسین شاہ نے خورشید شاہ کے بیٹے کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر راج کی بات کرنا فواد چوہدری کی ذہنی پسماندگی کی عکاسی ہے۔پیرکووزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے جاری بیان میں کہاکہ سید خورشید شاہ کے بیٹے سید فصیح شاہ کی گرفتاری اور خورشید شاہ کی فیملی کے ساتھ جتنی زیادتی ہوئی ہے وہ قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کس منہ سے سندھ میں بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے کی بات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ میں بلدیاتی اداروں نے اپنی مدت مکمل کی ہے اور نئے انتخابات کیلئے کام شروع ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ کیا عمران حکومت نے پنجاب، کے پی کے اور بلوچستان میں بلدیاتی اداروں کو کام کرنے دیا پی ٹی آئی حکومت نے بلدیاتی اداروں کو وقت سے پہلے تحلیل کر دیا۔ناصر شاہ نے کہا کہ پنجاب میں عدالت کے حکم پر بلدیاتی ادارے بحال کئے گئے۔ اس کے باوجود پی ٹی آئی حکومت پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو کام کرنے نہیں دے رہی۔وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کو آئین، قانون اور جمہوری روایات کا کچھ پتا نہیں۔ پی ٹی آئی کے وزرا جو منہ میں آتا ہے وہ بول دیتے ہیں۔