سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے امریکی قونصل خانے کے ڈپٹی اسسٹنٹ برائے پاکستان لیزلی سی ویگری کی ملاقات

پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت پاکستان اور ایشیا کا سب سے بڑا ایوان ہے، اس میں غیر ملکی سفارت کار پہلا مہمان ہونا میرے لئے بے حد خوشی اور اعزاز کی بات ہے‘لیزلی سی ویگری

پیر 14 جون 2021 18:50

سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے امریکی قونصل خانے کے ڈپٹی اسسٹنٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے امریکی قونصل خانے کے ڈپٹی اسسٹنٹ برائے پاکستان لیزلی سی ویگری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور نئی عمارت کا دورہ کیا۔ وفد میں کیتھرین روڈریگز قونصلر جنرل لاہور ، مولینا سلواڈور اکنامک آفیسر اور صدف سعد سیاسی و معاشی سپیشلسٹ بھی شامل تھے۔

جبکہ ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی مونس الہی، سالک حسین اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور سمیت موجودہ سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے حوالہ سے گفتگو کی گئی۔ چودھری پرویزالہی نے وفد کو بتا یا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے مجھ سے فروری 2008 میں میری رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی، وہ اس وقت سینیٹر تھے اور دیگر سینیٹرز جان کیری اور چالز ہیگل بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تعلیم، صحت، زراعت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں بطور وزیراعلی پنجاب کے میرے اقدامات کو سراہا تھا۔ چودھری پرویزالہی نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دوطرفہ اور دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان کی سویلین اور فوجی قیادت مل کر جیو اقتصادیات پر ایک نئی توجہ کو فروغ دے رہی ہے یہ ایک ایسا نقطہ نظر ہے جس سے علاقائی تجارت اور رابطے پر زور دیا جاتا ہے اور اس بات پر زور دیا جاتا ہے کہ پاکستان کاروبار کے لئے اہم ملک ہے۔

امریکی قونصل خانے کے ڈپٹی اسسٹنٹ برائے پاکستان لیزلی سی ویگری نے سپیکر چودھری پرویزالہی کا مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت جو پاکستان اور ایشیا کا سب سے بڑا ایوان ہے اس میں غیر ملکی سفارت کار مہمان ہونا میرے لئے بے حد خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔