سرکاری ملازمین کو تنخواہ اور پروموشن ویکسین لگوانے کے بعد ملے گی،سید ناصر شاہ

جو شہری ویکسین نہیں لگوائے گا اس کی موبائل سم بندکردی جائیگی ،وزیر اطلاعات سندھ کی میڈیا سے گفتگو

پیر 14 جون 2021 20:36

سرکاری ملازمین کو تنخواہ اور پروموشن ویکسین لگوانے کے بعد ملے گی،سید ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہ اور پروموشن ویکسین کے بعد ملے گی۔جو شہری ویکسین نہیں لگوائے گا اس کی موبائل سم بندکردی جائیگی ۔وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا سے بچنے کے لیے ویکسین اہم ترین ہتھیار ہے، سندھ حکومت کی کوشش ہے ویکسین ہر شہری کو لگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاق، صوبائی حکومت ویکسین کے لیے سہولت فراہم کررہی ہے، سندھ حکومت نے تمام ملازمین کو ویکسین لگوانے کا پابند کردیا ہے۔ناصر شاہ نے بتایا کہ ویکسین لگوانے کے حوالے سے آگاہی مہم کے پروگرام بنا رہے ہیں، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف قانون سازی کررہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ویکسین لگائے بغیر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے اکا دکا واقعات رپورٹ ہوئے ہیں تاہم ایسی حرکتوں کی روک تھام کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔فائزرویکسین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین بیرون ملک پڑھنے اور روزگار کے حصول کے لیے جانے والوں کو لگائی جائے گی۔