حکومت اور اپوزیشن نے اسمبلی کی کارروائی بہتر طریقے سے چلانے پر اتفاق کرلیا

پر امن طریقے سے اسمبلی کی کارروائی ہوگی اور اپوزیشن لیڈر اور ہمارے لیڈر بات کریں گے، ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ان تمام امور پر کنٹرول کے معاملات دیکھے گی ، کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ اسپیکر کے اختیارات پر کیسے نظر ثانی کی جائے۔ وفاقی وزراء فواد چوہدری اور پرویز خٹک کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 جون 2021 15:55

حکومت اور اپوزیشن نے اسمبلی کی کارروائی بہتر طریقے سے چلانے پر اتفاق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جون 2021ء) حکومت اور اپوزیشن نے قومی اسمبلی کی کارروائی بہتر طریقے سے چلانے پر اتفاق کرلیا ، فواد چوہدری کہتے ہیں کہ حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق ہوگیا ہے اور آج سے پارلیمان کے تمام امور بہتر طریقے سے چل سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پرویز خٹک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کی تفصیلی ملاقات ہوئی ہے جس میں قومی اسمبلی کی کارروائی کو بہتر انداز میں چلانے سمیت اسپیکر اسمبلی کے اختیارات بڑھانے پر بھی بات کی گئی ، اپوزیشن سے ملاقات میں پرویز خٹک کی سربراہی حکومت کی طرف سے وفد میں میرے ساتھ اسد قیصر، اسد عمر، علی محمد خان اور عامر ڈوگر شامل تھے جب کہ اجلاس میں اپوزیشن کی نمائندگی مسلم لیگ (ن) سے رانا ثنا اللہ، ایاز صادق ، رانا تنویر اور پیپلز پارٹی سے راجا پرویز اشرف اور شازیہ نے کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن کے ساتھ تمام امور پر بحث ہوئی اور اتفاق ہوا کہ اسمبلی میں جو کچھ ہوا اس سے اراکین پارلیمنٹ کو ندامت کا سامنا کرنا پڑا ، لیکن تاریخی طور پر غلط بات ہے کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کیوں کہ یہ سب پہلے بھی ہوتا رہا ہے ، اس ضمن میں ایک تجویز دی گئی ہے کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ان تمام امور پر کنٹرول کے معاملات دیکھے گی ، کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ اسپیکر کے اختیارات پر کیسے نظر ثانی کی جائے اور انہیں آگے لے کر جایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن سے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کی بات کی ، جس پر اپوزیشن اپنے پارٹی لیڈروں سے بات کرے گی ، جس کے بعد امید ہے کہ تحریک عدم اعتماد روک دی جائے گی ، پرویز خٹک کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی اور اتحادیوں کا اجلاس ہوا تھا جس میں 186 اراکین نے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری پر اعتماد کا اظہار کیا ، اس لیے تحریک عدم اعتماد ہمارا مسئلہ نہیں ہے لیکن ہم اچھے ماحول کے لیے اس جانب بڑھنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن سے بہت اچھی ملاقات رہی اور کوشش ہے کہ آج اسمبلی کی کارروائی بہتر طریقے سے چل سکے ، حکومت اور اپوزیشن نے قومی اسمبلی کی کارروائی کو بہتر طریقے سے چلانے پر اتفاق کرلیا ہے ، ایک تجویز پر اتفاق ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ممبران نے صحیح زبان استعمال کرنی ہے، گالم گلوچ شور شرابہ نہ ہو اور سیٹوں سے نہ اٹھیں تاکہ لڑائی اور فساد نہ ہو اور ایوان کی کارروائی بہتر طریقے سے چل سکیں ، فیصلہ ہوا ہے کہ پر امن طریقے سے اسمبلی کی کارروائی ہوگی اور اپوزیشن لیڈر اور ہمارے لیڈر بات کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں اسپیکر اس کمیٹی کا اعلان کریں گے ، اپوزیشن سے جو معاہدہ ہوا اس کا اعلان اسپیکر صاحب کریں گے اور یہ سب تحریری طور پر ہوگا ، اسپیکر کے پاس ایک دن تک کسی بھی رکن کو باہر نکالنے کا اختیار ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اسپیکر کو با اختیار کیا جائے تاکہ وہ کارروائی کریں تو اس کا نتیجہ نکل سکے جس کے بارے میں ہم نے اپوزیشن کو بھی تجویز دی ہے۔