تربت ائیرپورٹ کے قریب تعینات سیکورٹی اہلکاروں پر دہشت گردوں کا حملہ

دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی میں ایک جوان شہید، حملے کیلئے چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا: آئی ایس پی آر

muhammad ali محمد علی جمعرات 17 جون 2021 21:54

تربت ائیرپورٹ کے قریب تعینات سیکورٹی اہلکاروں پر دہشت گردوں کا حملہ
تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جون2021ء) تربت ائیرپورٹ کے قریب تعینات سیکورٹی اہلکاروں پر دہشت گردوں کا حملہ۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے ایک مرتبہ پھر بلوچستان کا امن خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کے روز بلوچستان کے شہر تربت کے ائیرپورٹ کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے ڈیوٹی پر معمور جوانوں پر حملہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے چھوٹے ہتھیاروں کی مدد سے ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں پر حملہ کیا گیا۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی میں ایک جوان شہید ہوگیا۔ شہید ہونے والا جوان نائیک عقیل عباس ہے جس کا تعلق ضلع چکوال سے بتایا گیا ہے۔ حملے کے بعد ایف سی نے دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔