زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور طاہرہ اینیمل ویلفیئر فاؤنڈیشن نے آوارہ جانوروں کی فلاح و بہبود کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی اور فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن طاہرہ رسول نے فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز کے میٹنگ روم میں منعقدہ تقریب کے دوران کئے

جمعہ 18 جون 2021 17:54

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور طاہرہ اینیمل ویلفیئر فاؤنڈیشن نے آوارہ ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور طاہرہ اینیمل ویلفیئر فاؤنڈیشن نے آوارہ جانوروں کی فلاح و بہبود کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی اور فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن طاہرہ رسول نے فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز کے میٹنگ روم میں منعقدہ تقریب کے دوران کئے۔

معاہدے کے مطابق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ویٹرنری سائنس کے بیک وقت 10 طلباء طاہرہ اینیمل ویلفیئر فاؤنڈیشن میں انٹرن شپ کریں گے۔ دونوں ادارے فیصل آباد میں بڑے پیمانے پر ریبیس ویکسی نیشن کے اجراء کے علاوہ سیمینارز، ورکشاپس، سمپوزیم اور شعور بیدار کرنے کے حوالے سے دیگر سرگرمیوں کا بھی اہتمام کریں گے۔

(جاری ہے)

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ٹیچنگ اینیمل ہسپتال میں آوارہ جانوروں کی طبی و جراحی علاج کے لئے فاؤنڈیشن کو جگہ فراہم کرے گی جہاں فاؤنڈیشن کی جانب سے بھجوائے جانے والے چھوٹے آوارہ جانوروں کا علاج معالجہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔

دونوں فریقین باہمی تحقیقی پیش رفت کو یقینی بنانے کے لئے تعلقات کار کو مربوط بنیادوں پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ اس شعبے میں نئی پیش بندیوں پر توجہ مرکوز کریں گے۔ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انس سرور قریشی نے کہا کہ یونیورسٹی ملک بھر میں بہترین ویٹرنری پروگرام جامعہ کے قیام سے لے کر اب تک جاری رکھے ہوئے ہے اور اسے یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ویٹرنری سائنسز کی ملک بھر میں سب سے اولین دانش گاہ ہماری یونیورسٹی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے فارغ التحصیل سکالرز اپنی صلاحیتوں، معیاری تعلیم اور تحقیقی کاموں کی وجہ سے متعلقہ فیلڈ میں اپنی مہارتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے بین الاقوامی رینکنگ میں پاکستان کی ٹاپ 10 یونیورسٹیوں میں اپنی جگہ بنا لی ہے جسے آنے والے دنوں میں مزید بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔

فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن طاہرہ رسول نے بتایا کہ فیصل آباداور اس کے  100 کلومیٹر گردونواح میں موجود آوارہ جانوروں کے لئے تمام سہولیات سے آراستہ کلینک موجود نہیں ہیں اسی ضرورت کے پیش نظر انھوں نے جدید ترین طبی سہولیات سے آراستہ ایک سٹیٹ آف دی آرٹ پناہ گاہ بنائی ہے جس کا دائرہ کار مزید بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمت کی اس یادداشت کے بعد باہمی تعاون کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ آوارہ چھوٹے جانوروں کی صحت اور ان کی زندگی کے لئے فطری ماحول یقینی بنانے پر مزید وسائل خرچ کئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر بیرونی روابط ڈاکٹر سعید احمد، فاؤنڈیشن کے چیف ویٹرنین ڈاکٹر ضیاء محی الدین نے بھی اظہار خیال کیا۔