نقطہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر وزیر جیل خانہ جات کاایوان سے احتجاجاً واک آئوٹ

حسن مرتضی نے محنت کش طبقے کو کمی کہا ،شیخ روحیل اصغر نہ بنیں ‘ فیاض الحسن چوہان کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 18 جون 2021 19:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) ڈپٹی سپیکر کی جانب سے نقطہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان ایوان سے احتجاجاً واک آئوٹ کر گئے ۔پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران بجٹ پر عام بحث کے دوران صوبائی وزیر فیاض الحسن اپنی نشست سے کھڑے ہو گئے اورپیپلز پارٹی کے حسن مرتضی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نقطہ اعتراض پر بات کرنے کیلئے ڈپٹی سپیکر سے اجازت طلب کی۔

تاہم ڈپٹی اسپیکر نے فیاض الحسن چوہان کو بات کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ اپنی باری پر بات کیجیے گا جس پر وہ احتجاجاًایوان سے واک آئوٹ کر گئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میرا یہ اسمبلی میں دوسرا دور ہے آج پہلی مرتبہ واک آئوٹ کیا ہے۔

(جاری ہے)

شیخ روحیل اصغر نے اپنی کالک پورے پنجاب کے عوام کے منہ پر لگائی ۔ حسن مرتضی نے پاکستان کی محنت کش طبقے کو کمی کہا، میں نے ان کا لطیفہ خاموشی سے سنا ۔

میں نے ڈپٹی سپیکر سے کیا کہ حسن مرتضی نے لاکھوں ایسے لوگوں کا دل دکھایا ہے جو محنت کش ہیں اس لئے حسن مرتضی ان باتوں پر معافی مانگیں، حسن مرتضی نے ڈھٹائی سے معافی مانگنے سے نہ صرف انکار کیا بلکہ مجھے نقطہ اعتراض پر بولنے کا بھی موقع نہیں ملا۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ یہ لاڑکانہ والوں کا دور نہیں اس پر معافی مانگی جائے۔ شیخ روحیل اصغر کو کہوں گا کہ بابا بلھے شاہ اور میاں محمد بخش کی سرزمین پر کوئی گالی نکالنے والا نہیں ،انہوں نے اپنی غلطی کو پورے پنجاب کے سر تھوپنے کی کوشیش کی،علی نواز اعوان نے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی کی رات ہی معافی مانگ لی تھی۔

پاکستان میں فنکاروںکی کوئی کمی نہیں ہے ،میں حسن مرتضی سے کہوں گا کہ وہ شیخ روحیل اصغر نہ بنیں ، میرا احتجاج حسن مرتضی اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف ہے۔