کراچی ٹریفک جام، راشد لطیف وقت گزارنے کیلئے کرکٹ کھیلنے لگے

ویڈیو میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر تنویر احمد نے باونسر مارا تو راشد لطیف اسے کھیلنے میں ناکام رہے اور گیند وکٹ کیپر کے پاس گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 جون 2021 11:57

کراچی ٹریفک جام، راشد لطیف وقت گزارنے کیلئے کرکٹ کھیلنے لگے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جون 2021ء ) شہر قائد کے ناظم آباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت پر عوام نے احتجاج کیا جس کے باعث سائٹ ایریا سے ناظم آباد جانے والی سڑک پر بدترین ٹریفک جام ہوا۔ عوامی احتجاج کے باعث سائٹ ایریا حبیب بینک چورنگی سے ناظم آباد عید گاہ تک بدترین ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف بھی عوامی احتجاج سے متاثر ہوئے ۔ نجی ٹی وی پر پروگرام ختم ہونے کے بعد جب انہوں نے گھر کی جانب روانگی اختیار کرنے کا ارادہ کیا تو گاڑیوں کی قطاریں اور بے ہنگم ٹریفک دیکھ کر اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے نجی ٹی وی کے دفتر میں ہی قیام کو ترجیح دی۔ اس دوران اپنا وقت اچھا گزارنے کے لیے انہوں نے ٹینس بال کرکٹ کھیلنا شروع کردیا۔

(جاری ہے)

راشد لطیف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مختصر ویڈیو بھی شیئر کی۔ انہوں نے بتایا کہ ’ٹریفک جام میں پھنسنے کے بعد میں نے تنویر احمد، نجیب الحسنین اور ڈائریکٹر فواد خان کے ساتھ پارکنگ ایریا میں ٹینس بال کرکٹ کھیلنا شروع کردی‘۔
انہوں نے کرسی کو متبادل وکٹ کے طور پر اپنے پیچھے رکھا اور بلا تھام کر کریز پر کھڑے ہوگئے۔ ویڈیو میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر تنویر احمد نے باونسر مارا تو راشد لطیف اسے کھیلنے میں ناکام رہے اور گیند سیدھی وکٹ کیپر کے پاس گئی۔