پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہرایا مگر نقصان بھارت کا ہوگیا

پاکستان نے لاہور ٹیسٹ میں موجودہ چیمپئن جنوبی افریقہ کو ہرا کر سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 16 اکتوبر 2025 11:17

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہرایا مگر نقصان بھارت کا ہوگیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 اکتوبر 2025ء ) پاکستان نے ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شکست دے دی مگر اس کا نقصان بھارت کو ہوا ہے۔
پاکستان نے اپنے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل 27-2025ء کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے لاہور ٹیسٹ میں موجودہ چیمپئن جنوبی افریقہ کو میچ کے چوتھے روز ہی 93 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا کر سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی تاہم اس جیت نے روایتی حریف بھارت کو نقصان پہنچایا ہے۔

اس فتح کے ساتھ جہاں پاکستان ٹیم نے ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹبیل میں اپنا کھاتہ کھولا، وہیں روایتی حریف بھارت سمیت کئی ٹیموں کو پیچھے چھوڑ کر دوسری پوزیشن پر براجمان ہو گئی ہے۔
اس جیت کے ساتھ پاکستان ٹیم کے پوائنٹس 12 اور جیت کا تناسب 100 فیصد ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

شاہینوں سے آگے صرف کینگروز ہیں، جو اب تک کھیلے گئے تینوں میچ جیت کر 36 پوائنٹس اور 100 فیصد نتیجے کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں۔

سکرین شاٹ
سکرین شاٹ
 
پاکستان کی جیت سے قبل روایتی سری لنکا دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر تھا۔ لیکن ورلڈ نمبر ٹیم کے خلاف جیت نے آئی لینڈرز اور بھارتی سورماؤں کو نیچے جانے پر مجبور کر دیا جو اب بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل کے مطابق انگلینڈ پانچویں، بنگلہ دیش چھٹے، ویسٹ انڈیز ساتویں، موجودہ ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ آٹھویں نمبر پر ہے جب کہ نیوزی لینڈ نے اب تک کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا، اس لیے کیویز کا اب تک کھاتہ نہیں کھلا ہے۔