مودی کے ساتھ ملاقات کے لئے 14کشمیری رہنمائوں کومدعو کرلیاگیا

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت مختلف بھارتی وزراء کے اجلاس میں شریک ہونے کی توقع ہے

اتوار 20 جون 2021 12:45

مودی کے ساتھ ملاقات کے لئے 14کشمیری رہنمائوں کومدعو کرلیاگیا
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) نئی دہلی میں 24 جون کوبھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور مقبوضہ جموںوکشمیر کی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کی مجوزہ ملاقات کے لئے 14 سے زائد سیاسی رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مجوزہ اجلاس میں نیشنل کانفرنس کے رہنماؤں فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ، کانگریس کے رہنماؤں غلام نبی آزاد، جی اے میر اور تارا چند، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی، پیپلز کانفرنس کے رہنما مظفر حسین بیگ اور سجاد لون، بی جے پی رہنماؤںنرمل سنگھ ، رویندر رینااور کوندر گپتا، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ)کے رہنما محمد یوسف تاریگامی، جموں و کشمیراپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری اور پینتھرس پارٹی کے رہنما بھیم سنگھ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت مختلف بھارتی وزراء کے اجلاس میں شریک ہونے کی توقع ہے۔یہ 5اگست2019 کے بعد جب مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے جموںو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اس کو دوحصوں میں تقسیم کردیاتھا ، اس نوعیت کا پہلا اجلاس ہے۔