وہ بے نظیر تھیں، اور بے نظیر رہیں گی، ان کا کوئی ثانی نہیں، ہمایوں خان

شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے دلیری کے ساتھ انتہاپسندی اور آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ہمیشہ جمہوریت اور قانون کی بالادستی کی جنگ لڑی،شہید بینظیر بھٹو سالگرہ پرپیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کا بھرپور خراج عقیدت

اتوار 20 جون 2021 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2021ء) مسلم ممالک کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 68 ویں سالگرہ کے موقع پرپیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد ہمایوں خان نے محترمہ شہید بینظیر بھٹو کو بھرپور خراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ نے اسلامی دنیا اور پاکستان کی پہلی کم عمر ترین وزیراعظم کے طور پر وزارت عظمی کا حلف اٹھایا جو ایک بڑا اعزاز ہے،محترمہ شہید نے یہ اعزاز اور کامیابی اپنی انتھک محنت، لگن، عظمت اور قربانی دیکر حاصل کی،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے دلیری کے ساتھ انتہاپسندی اور آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ہمیشہ جمہوریت اور قانون کی بالادستی کی جنگ لڑی،محترمہ شہید نے سمجھوتہ کرنے کی بجائے ملک کی بقا کی جنگ لڑی اور جمہوریت اور ملک کی خاطر اپنی جان تک قربان کردی۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے وژن اور عظیم فیصلوں کے باعث ملک میں جمہوریت مضبوط ہوئی،محترمہ شہید کا قائدانہ صلاحیتیوں اور عظیم فیصلوں کے باعث بین الاقوامی سطح پر نہ صرف اعتراف کیا جاتا ہے بلکہ انہیں بین الاقوامی سطح پر ایک عظیم لیڈر مانا جاتا ہے،ملک میں جمہوریت، پارلیمان اور خواتین کا سیاست میں بھرپور کردار کا کریڈٹ بھی اس عظیم لیڈر کو جاتا ہے، پہلی خاتون وزیراعظم آمروں کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہوئی اور ایک آمر کو وردی تک اتارنے پر مجبور کیا،دھمکیوں اور حملوں کے باوجود شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام کے ساتھ اپنا رابطہ نہیں توڑا بلکہ حملوں اور بم دھماکوں کے باوجود عوام کے درمیان رہنے کو ترجیح دی،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے نہ ہمیشہ پسے ہوئے طبقے کے حقوق کی بات کی بلکہ غریب طبقے، کسان اور مزدوروں کوحقوق دلوائے، غیر جمہوری قوتیں کبھی محترمہ کو 22 کروڑ عوام کی دلوں سے نکال نہیں سکیں گے، محترمہ آج بھی کروڑوں دلوں میں زندہ ہے اور زندہ رہے گی۔

پی پی پی خیبر پختونخواہ کا شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ شہید بی بی کی سالگرہ تقاریب صوبہ بھر میں ڈویژن ضلعی و تحصیل کی سطح منایا جارہا ہے صوبائی صدر محمد ہمایوں خان نے صوبہ بھر کے تمام ڈویژن اضلاع ذیلی تنظیموں کو شہید بے نظیر بھٹو کی سالگرہ تقریبات منعقد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر پارٹی رہنما اور کارکنان تقریب کے دوران سماجی فاصلے کو یقینی بناکر ایس او پیز پر عمل درآمد کریں گے۔

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سالگرہ مرکزی تقریب صوبائی سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوگی۔ڈویژن ضلعی اور زیلی ونگز صدور شہید بی بی سالگرہ تقاریب کی رپورٹ صوبائی سیکرٹریٹ ارسال کرنے کی جائے گی۔