نئی بجلی پالیسی نہ صرف صوبوں کے مفادات کے منافی بلکہ آئین پاکستان کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،سکندر حیا ت شیرپائو

منگل 22 جون 2021 21:07

نئی بجلی پالیسی  نہ صرف صوبوں کے مفادات کے منافی  بلکہ آئین پاکستان ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2021ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئر مین سکندر حیات خان شیرپائونے قومی بجلی پالیسی کی منظوری کو صوبائی خود مختاری پر کاری ضرب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے اکائیوں کے مفادات کے خلاف ہے۔گائوں شیرپائو میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نئی بجلی پالیسی کے تحت مرکز صوبوں کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی بھی منصوبہ شروع کرسکتا ہے جو نہ صرف صوبوں کے مفادات کے منافی ہے بلکہ آئین پاکستان کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ پن بجلی منصوبے طویل المدتی اوراس کے فوائدزیادہ ہوتے ہیں جو صوبہ کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن وفاقی حکومت نے صوبوں سے یہ اختیار لے کر ان پر اپنی مرضی کے منصوبے مسلط کرنے اور ان کی خود مختاری پرڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی ہے جس کے خلاف ہر فورم پرجدوجہد کی جائے گی کیونکہ قومی بجلی پالیسی نہ صرف ہمارے صوبے کی معیشت کیلئے خطرہ کی گھنٹی سے کم نہیں بلکہ یہ ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پن بجلی منصوبوں کیلئے بے تحاشہ مواقع موجودہیں مگروفاق اس اقدام سے ہماری پیداوار پر قد غن لگانے کے درپے ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مرکز اور صوبہ میں پی ٹی آئی کی حکومت ہونے کے باوجودگزشتہ تین سالوں میں بجلی خالص منافع کی مد میں 124ارب روپے کم ملے جو ان کی کمزور طرز حکمرانی کا ثبوت ہے۔انھوں نے بجلی کی غیر اعلانیہ اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ اور ہوشربا مہنگا ئی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں طویل ترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیاجبکہ رہی سہی کسر ہوشربا مہنگائی نے پوری کردی ۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں غربت و بے روزگاری میں بھی حد درجے اضافہ ہو چکا ہے، 80لاکھ لوگ بے روزگاراور50لاکھ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں جبکہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل کا کوئی احساس نہیں اور الٹا کہتے ہیں کہ ملک میں غربت و بے روزگاری نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔اس موقع پر یونین کونسل رجڑون ضلع چارسدہ سے پی ٹی آئی کے عہدیداروں اور سرکردہ کارکنوں عرفان باچہ، لقمان، یعقوب جان ،شہریار خان،سلمان خان، عزیز گل،مشتاق،طاہر جان،نعمان خان، قیصر خان، ظہور احمد ، آصف خان، منصور خان، مجیب خان، کاشف خان، اشفاق احمد، گل باچہ، جوہرخان، وکیل خان اور بشیرخان نے اپنے ساتھیوں yاور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔