ہر جماعت کی اپنی سیاست اور مقصد ہے، ہماری سیاست کا مقصد پاکستان کی ترقی اور عوام کی فلاح ہے‘پرویزالٰہی، طارق بشیر چیمہ

چودھری پرویزالٰہی کی کاوشوں سے پنجاب میں پہلی بار سینیٹ الیکشن میں کسی کاریٹ نہیں لگا الحمدللہ ہر جماعت کو اس کا حق ملا‘وفاقی وزیر ہائوسنگ

اتوار 27 جون 2021 17:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ سے این اے 163 وہاڑی کی معروف سیاسی شخصیات ایوب بندیشہ، زاہد بندیشہ، اویس بندیشہ اور پیر یعقوب کھگہ نے ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر غضنفر الیاس بندیشہ، پیر ہارون شاہ کھگہ اور پیر زمان شاہ کھگہ بھی موجود تھے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جمہوریت کو پروان چڑھانے کیلئے حوصلہ اور برداشت کی سیاست کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ہماری پارٹی کے دروازے ہر محب وطن کیلئے کھلے ہیں، ہر جماعت کی اپنی اپنی سیاست اور مقصد ہوتا ہے، ہماری سیاست کا مقصد پاکستان کی ترقی اور عوام کی فلاح ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تمام جماعتوں کی مہربانی ہے کہ سینیٹ الیکشن میں انہوں نے میری بات مان لی اور رزلٹ سب کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کا پنجاب اسمبلی کی کارروائی میں احسن انداز میں حصہ لینے اور بھرپور تعاون کرنے پر مشکور ہوں۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی کاوشوں سے پہلی بار سینیٹ الیکشن میں پنجاب میں کسی کا ریٹ نہیں لگا، اللہ کا شکر ہے کہ ہر جماعت کو اس کا حق ملا۔ ایوب بندیشہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی بطور وزیراعلیٰ خدمات آج بھی لوگوں کو یاد ہیں، جو منصوبے انہوں نے شروع کیے وہ آج تک کامیابی سے چل رہے ہیں، چودھری پرویزالٰہی کے عوامی خدمت کے جذبے سے متاثر ہو کر ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔