پٹرول کی قیمتیں مسلسل بڑھانے سے مہنگائی میں حد درجے اضافہ ہو چکا ہے،سکندرشیرپائو

پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے بینر تلے شروع کی جانے والی جدوجہد موجودہ حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی، رہنما قومی وطن پارٹی

جمعرات 1 جولائی 2021 20:48

پٹرول کی قیمتیں مسلسل بڑھانے سے مہنگائی میں حد درجے اضافہ ہو چکا ہے،سکندرشیرپائو
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2021ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مسلسل بڑھانے سے مہنگائی میں حد درجے اضافہ ہو چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آلہ ڈھنڈ ڈھیری ضلع ملاکنڈ میں پارٹی کے ضلعی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارٹی کی تنظیمی امور،سیاسی صورتحال اور 4جولائی کو ضلع سوات میں پی ڈی ایم جلسہ کی تیاریوں کے حوالے سیر حاصل بحث کی گئی۔

سکندر شیرپائونے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چار جولائی جلسہ کی کامیابی کیلئے تیاریاں شروع کرے۔انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت کے کارکنان 04جولائی کوسوات میں پی ڈی ایم جلسہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزیدکہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے بینر تلے شروع کی جانے والی جدوجہد موجودہ حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

انھوں نے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تنقیدکانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ڈکٹیشن پر عمل پیرا ہیں۔ سکندر شیرپائو نے کہا کہ حکومت نے ایک مہینے میںدودفعہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جو عوام کے ساتھ صریح ناانصافی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں حکمران جماعت کے وزراء بجلی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کو regressive taxation گردانتے تھے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیااور حکومتی نااہلی کی وجہ سے عوام کو بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انھوں نے افغان صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں استحکام افغانستان میں امن کی بحالی سے منسلک ہے۔

انھوں نے کہا کہ ترقی کیلئے امن کا قیام لازمی ہے لہٰذا خطے میں امن و استحکام کی بحالی کیلئے کوششیں کیں جانی چاہیے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی حلقہPK-18اور یوتھ ونگ کی تنظیم سازی بھی مکمل کر لی گئی۔اجلاس میں قومی وطن پارٹی ضلع ملاکنڈ کے پارٹی عہدیداروں کے علاوہ پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل،صوبائی وائس چیئرمین نصراللہ خان اور صوبائی فنانس سیکرٹری اخونزادہ سکندر زمان بھی شرکت کی۔