خواجہ آصف اور احسن اقبال کی ضمانت سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

احسن اقبال کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس کی سماعت میں روزانہ کی بنیاد پر کیس سننے کی بھی درخواست دی جائے گی۔ ترجمان نیب کا اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 8 جولائی 2021 16:41

خواجہ آصف اور احسن اقبال کی ضمانت سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 جولائی 2021ء ) قومی احتساب بیورو نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں احسن اقبال اور خواجہ آصف کو ملنے والی ضمانت سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ احسن اقبال اور خواجہ آصف کی ضمانت کے ہائیکورٹ کے فیصلوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا، اس ضمن میں سپریم کورٹ میں جلد ہی ایک اپیل دائرکی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ ن لیگی رہنماء احسن اقبال کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس زیر سماعت ہے، احسن اقبال کیس کی روزانہ سماعت کیلئے درخواست دائرکرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، مذکورہ ریفرنس کی سماعت میں روزانہ کی بنیاد پر کیس سننے سے متعلق احتساب عدالت میں درخواست دی جائے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال کی ضمانت کے خلاف نیب ریفرنس پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا گیا، 10 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ چیف جسٹس اطہر من اللہ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جس میں عدالت احسن اقبال کی گرفتاری کو نیب کا اختیار سے تجاوز قرار دے دیا، اور عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ نیب پنڈی احسن اقبال پر کرپشن کا الزام کے ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ منصوبہ شروع کرنے کی تجویز ناروال کی عوام کو فائدہ پہچانا ہے، سی ڈی ڈبلیو پی سمیت مختلف متعلقہ فورمز کی جانب سے منصوبے کی منظوری دی گئی، نا ریکارڈ پر ہے نہ نیب نے الزام لگایا کہ احسن اقبال نے اس منصوبے سے مالی فائدہ حاصل کیا۔ قبل ازیں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے خواجہ آصف کی ضمانت منظور ہونے کے بعد انہیں رہائی مل گئی ، مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ آصف کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سماعت کی ، جس میں جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس شہباز رضوی شامل ہیں ، جب کہ درخواست ضمانت پر دلائل تین دن میں مکمل کیے گئے جس کے بعد عدالت نے فیصلہ سنایا جس میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے خواجہ آصف کی ضمانت منظور کرلی گئی ، جس کے بعد آج انہیں رہا کردیا گیا۔