پی ایس ایل سیون کے میچز گوادرمیں منعقد کئے جائیں ،حنیف حسین

گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر اورگوادر کرکٹ اکیڈمی کے صدرکی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 8 جولائی 2021 23:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2021ء) گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور گوادر کرکٹ اکیڈمی کے صدرحاجی حنیف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیون کا ایک میچ گوادر اور داسرا میچ کوئٹہ میں منعقد کیا جائے تو شائقین کھیل کو خوبصورت ترین کرکٹ اسٹیڈیمزمیں کر کٹ میچز دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ گوادر سمیت بلوچستان میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینا چاہتاہے تو پھر پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے دو میچز بلوچستان میں منعقد کئے جائیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ کراچی کنگز کا میچ گوادر جبکہ کوئٹہ اور پشاور زلمی کے مابین میچ کوئٹہ کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد کرایا جائے ان دو میچزسے بلوچستان میں کرکٹ کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

گوادر کرکٹ اکیڈمی کے صدرحاجی حنیف حسین نے کہا کہ گوادر کا موسم کرکٹ کیلئے آئیڈیل ہے اوردبئی سے لاکھ درجہ بہترہے جبکہ کوہ باتیل کے دامن میں بنا گوادر کرکٹ اسٹیڈیم آرٹ کا ایک غیر معمولی نمونہ دکھائی دیتا ہے اور یہی انفرادیت اسے دنیا کے خوبصورت کرکٹ ا سٹیڈیمز کی فہرست میں شامل کرتی ہے، پہاڑ کے دامن میں بنے اس سٹیڈیم میں خوبصورت سبز گھاس کی فیلڈ، پختہ پچ اور شائقین کے بیٹھنے کیلئے مختص جگہ ہے گوادر اسٹیڈیم دیکھنے والوں کو مسحور کر دیتاہے ہم نے گوادر کرکٹ گرائونڈ پر بہت محنت کی ہے اس کو مزید اپ گریڈ کرکے جدید سہولیات سے آراستہ کرنا ہوگا ۔

گوادر کرکٹ اکیڈمی کے صدر حاجی حنیف حسین نے کہا کہ میرے خیال میں اگر اسکول اور کلب لیول سے کرکٹ کو فروغ دیا جائے تو پاکستان کرکٹ ٹیم دنیا کی نمبرون ٹیم بن سکتی ہے ،اگر ہم آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کو دیکھیں تو اس میں جو کھلاڑی آپ کو کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے ان میں سے اکثریت اسکول اور کلب کرکٹ کی پیداوار ہیں،اسکول اور کلب کرکٹ ہی ڈومیسٹک کرکٹ کو نیا ٹیلنٹ فراہم کرتے ہیں۔