عمان نے پاکستان سمیت متعدد ممالک پر سفری پابندیوں کی مُدت میں اضافہ کر دیا

حکام کے مطابق پابندی والے ممالک میں کورونا کی خطرناک قسم کے کیسز میں اضافہ ہورہا تھا، اس لیے مسافروں کو آنے کی اجازت نہیں دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 9 جولائی 2021 12:38

عمان نے پاکستان سمیت متعدد ممالک پر سفری پابندیوں کی مُدت میں اضافہ ..
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9 جولائی 2021ء) عمان کی حکومت نے تین ماہ قبل پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش کے مسافروں کے لیے فضائی سفر پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔ جس کا اطلاق 24 اپریل سے شروع ہوا تھا۔ یہ فضائی پابندی کورونا کیسز میں اضافے کے باعث عائد کی گئی تھی۔ جس کے بعد ہزاروں پاکستانی ویزہ ہولڈرز کے عمان واپس جانے میں رکاوٹ پیدا ہو گئی تھی جو شدت سے عمان واپسی کے منتظر تھے۔

اس پابندی میں 5 مئی کو غیر معینہ مْدت کے لیے پابندی عائد کر دی گئی تھی اور پھر 5 جون کے بعد غیر معینہ مُدت کے لیے پابندی میں توسیع کر دی گئی تھی۔ اب اس حوالے سے ایک بار پھر بُری خبرآ گئی ہے۔ عمان حکومت نے پاکستان اوربھارت سمیت 24 ممالک کے مسافروں کے عمانی سلطنت میں داخلے پر عائد پابندی میں مزید توسیع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

عمانی میڈیا کے مطابق عمان کی حکومت نے پاکستان اور انڈیا سمیت 24 ملکوں سے مسافروں کی آمد پر پابندی کی مُدت میں غیر معینہ مُدت کے لیے توسیع کر دی ہے۔

پہلے اس فہرست میں 14 ممالک شامل تھے تاہم اب مزید 10 ممالک کے مسافروں کے بھی عمان آنے پر پابندی ہوگی۔ عمان کی کورونا وائرس ٹاسک فورس نے اعلان کیا ہے کہ سفری پابندی کی فہرست میں پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش، گھانا، تیونس، برطانیہ، لبنان، برونائی، انڈونیشیا، ایتھوپیا، ارجنٹائن، ایران، برازیل، سوڈان، عراق، فلپائن، سنگاپور، جنوبی افریقہ، تنزانیہ، کولمبیا، نائجیریا، لیبیا، گیانا اور سیرا لیون شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ان ممالک میں کورونا کی اس نئی قسم کے کیسز سامنے آ رہے ہیں جو بہت تیزی سے پھیلتی ہے اور اس سے ہلاکتیں بھی زیادہ ہو رہی ہیں۔ واضح رہے کہ پہلے پابندی والے ممالک سے آنے والے غیر ملکی مسافروں کو 14 روز کسی اور ملک میں گزارنے کے بعد عمان آنے کی اجازت تھی، جو گزشتہ ماہ ختم کر دی گئی ہے۔ تاہم سفری پابندی کا اطلاق ان ممالک میں موجود عمانی شہریوں، سفارتی عملے، ہیلتھ ورکرز اور ان کے اہل و عیال پر نہیں ہو گا۔ یہ افراد جب چاہیں واپس آسکتے ہیں۔تاہم خشکی کے راستے سلطنت عمان آنے والے جی سی سی ممالک (سعودیہ، امارات، بحرین، یمن، قطر)کے شہریوں کے سفر پر پابندیاں ختم کر دی ہیں جبکہ کورونا وبا سے متعلق دیگر پابندیوں میں بھی نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔