اصلاحات مسائل کے حل، بجلی سستی کرنے کے لئے واحد آپشن ہے،محمد اسلم خان

سستی بجلی کے لئے سبسڈی کے بجائے اصلاحات کا راستہ اختیار کیا جائے،چیئرمین پاکستان اکانومی واچ

بدھ 14 جولائی 2021 19:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2021ء) پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین بریگیڈئیر(ر) محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ حقیقی اصلاحات مسائل کے حل اور بجلی سستی کرنے کے لئے واحد آپشن ہے۔سستی بجلی کے لئے سبسڈی کے بجائے اصلاحات کا راستہ اختیار کیا جائے کیونکہ سبسڈی کا بوجھ بھی عوام ہی اٹھاتی ہے۔محمد اسلم خان نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ کئی سال سے بجلی مسلسل مہنگی ہو رہی ہے جبکہ گردشی قرضہ کم ہونے کے بجائے بڑھ کر ڈھائی کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ہے اس لئے بجلی سستی کرنے کے لئے اصلاحات پر توجہ دی جائے کیونکہ سبسڈی کا بوجھ بھی اضافی ٹیکس اور مہنگائی کہ صورت میں عوام پر ہی پڑتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں بجلی کی پیداواری لاگت میں 76 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم اسکے ٹیرف میں 39 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اس شعبہ نی2007 سے 2020 تک معیشت کو بیاسی ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے جسکی بڑی وجہ کئی دہائیوں تک اصلاحات کو نظر انداز کرنا اور ایسے معاہدے ہیں جن کے تحت نجی بجلی گھروں کو حیران کن حد تک زیادہ ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اگر نجی بجلی گھر قومی گرڈ کو بجلی نہ بھی دیں توموجودہ حکومت انھیں اربوں روپے کی ادائیگیاں کرنے پر مجبور ہے۔اس وقت بھی ملک میں بجلی کے تین کروڑ کنیکشن ہیں جن میں سے دو کروڑ چالیس لاکھ یا دس میں سے آٹھ کنیکشنز کو سبسڈی پر بجلی فراہم کی جا رہی ہے جسے زیادہ عرصہ تک جاری رکھنا مشکل ہو گا۔مسائل کی حل اور بجلی سستی کرنے کے لئے اسکا زیاں اور چوری روکنا ہو گی، ترسیلی نقصانات کو کم کرنا ہو گا، نادھندہ سرکاری اداروں سے بھی بل وصول کرنا ہونگے ، مہنگی بجلی فروخت کرنے والی کمپنیوں کو لگام ڈالنا ہو گی اور متبادل زرائع اختیار کرنا ہونگے۔