وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر بجلی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں،کاشف شیخ

بدھ 14 جولائی 2021 20:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2021ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ لوڈ شیڈنگ مکمل ختم ہونے والے حکومتی دعووں کے بر عکس اس وقت بھی سندھ کے کراچی سمیت شہروں میں 10 اور دیہات میں 15 سے 18گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

سخت گرمی کے موسم میں 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ حکومتی دعووں کی نفی اور عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ جس کی وجہ سے کاروبار تباہ اور معمول کی زندگی سخت متاثر ہو رہی ہے۔ پی ٹی آئی قیادت نے اپنی انتخابی مہم میں مہنگائی، بیروزگاری و کرپشن کے خاتمے کے ساتھ قوم کو بجلی بحران سے نجات دلانے کا بھی وعدہ کیا تھا مگران کے 3 سالہ دور حکومت میں عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ستم ظریفی تو یہ ہے کہ 18 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود کے الیکٹرک، حیسکو و سیپکو کی نا انصافیوں اور بلنگ میں کوئی کمی نہیں آ سکی ہے۔ ان سے کوئی باز پرس اور غریب عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے والا بھی کوئی نہیں ہے۔ بجلی چوری کا بہانہ بنا کر عوام کو لوڈ شیڈنگ سے اذیت دینے والے حکمران عوام کے غیض و غضب سے بچ نہیں سکتے۔ کرپشن اور عملے کی ملی بھگت کے بغیر بجلی چوری نا ممکن ہے۔

چوری کی سزا بجلی کا بل بر وقت ادا کرنے والے پورے علاقے کو کیوں دی جارہی ہے۔ اسلئے وفاقی وزیر پارلیمنٹ اور قوم کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی غلط بیانی کر کے گمراہ کرنے کی بجائے اصل حقائق سے آگاہ اور بجلی پیدواربڑھانے کیساتھ اس کی چوری ، لائن لاسز کا خاتمہ کرنے کے اقدامات کرے تاکہ عوام بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے بچ سکیں۔