جموںوکشمیر کابھارت کے ساتھ اقتصادی اور جمہوری رابطہ منقطع کیاجار ہا ہے، نیشنل کانفرنس

منگل 20 جولائی 2021 16:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میںبھارت نواز نیشنل کانفرنس نے دعوی کیا ہے کہ جموںوکشمیر کابھارت کے ساتھ اقتصادی اور جمہوری رابطہ منقطع کیاجار ہا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے ان خیالات کا اظہار سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد شوپیان میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین اشوک کمار بھارتی کی پارٹی میں شمولیت کے سلسلے میں کیاگیا تھا۔

بی جے پی سے وابستہ اشوک کمار نے اپنے ساتھیوں سمیت نیشنل کانفرنس میںشمولیت کی۔ نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے والوں میں سشما بالی ، چندر کمار بالی ، راجندر کول اور منجو کول سرپنچ کے نام قابل ذکر ہیں۔

(جاری ہے)

نیشنل کانفرنس کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق علی محمد ساگر نے اس موقع پر کہاکہ جموںوکشمیر کابھارت کے ساتھ اقتصادی اور جمہوری رابطہ منقطع کیاجار ہا ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ کشمیری پنڈت کشمیر ی ثقافت کا اہم حصہ ہیں۔ادھر نیشنل کانفرنس کے فاروق عبد اللہ نے پارٹی کی ممبرشپ مہم تیز کرنے پرزوردیا ہے ۔ انہوںنے تمام صوبائی ، زونل اور ضلعی کارکنوں سے کہا کہ وہ تنظیم کو مزیدمضبوط بنانے کے لئے ہر سطح پر تعاون کریں۔فاروق عبداللہ نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ ممبرشپ مہم مکمل ہونے پر پارٹی انتخابات کی تیاری کریں ۔